ن لیگ کے 2 ارکان اسمبلی اسپیکر کو استعفے بھجوا کر پھنس گئے

0

اسلام آباد(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفے بھجوا کر پھنس گئے، حکومت نے پی ڈی ایم کے استعفے منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے مسلم لیگ (ن) کے 2 ارکان قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور سجاد اعوان کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان دونوں لیگی رہنماؤں نے 14 دسمبر کو استعفے سرکاری لیٹر پیڈ پر سپیکر کو بھجوائے تھے جن کے دستخطوں کی تصدیق بھی کر لی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے دونوں رہنماؤں کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے رابطے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ مزید ضروری اقدامات کئے جائیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ استعفوں پر دستخط قومی اسمبلی ریکارڈ کے مطابق ہیں، ایم این ایز سپیکر کے سامنے پیش ہونے کی تاریخ سے آگاہ کریں.

دونوں کو7 روز میں استعفوں کی تصدیق کیلئے بلایا جائے گا، جواب نہ دینے پر یہ تصور ہوگا انہوں نے اپنے دفاع میں کچھ نہیں کہنا، مذکورہ صورت میں دونوں کے استعفے منظور کر لیے جائیں گے۔

ترجمان قومی اسمبلی نے واضح کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ممبران قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کے استعفوں پر کاروائی ان کی طرف سے ان کے سرکاری لیٹر پیڈ پر موصول ہونے والے استعفوں اور ان استعفوں پر کیے گئے دستخطوں کی قومی اسمبلی کے ریکارڈ سے تصدیق کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ممبران کی طرف سے موصول ہونے والے استعفے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں موجود ہیں اور ان کی تصدیق کے لیے ممبران کو مراسلہ بھیجا گیا ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہو کر ان کی تصدیق یا تردید کریں۔

ترجمان نے کہا کہ استعفوں پر کاروائی قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔ارکان کی طرف سے موصول استعفوں کی کاپی ترجمان کی طرف سے کی گئی وضاحت کے ساتھ منسلک ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.