آرمی چیف،وزیراعظم،صدر کانوازشریف کی والدہ کی وفات پراظہار افسوس
فوٹو: فائل
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیراعظم عمران خان ، صدر مملکت عارف علوی اور دیگر اہم شخصیات نے شریف برادران کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرے ۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے ٹوئٹر پر بیان میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی وفات پر گہرا دکھ ہوا ہے، اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند کرے ۔
#COAS expresses grief and heartfelt condolences on sad demise of Begum Shamim Akhtar mother of Mian Muhammad Nawaz Sharif / Mian Shehbaz Sharif “May Allah Almighty bless the departed soul in eternal peace – Ameen”, COAS
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) November 22, 2020
تعزیتی بیان میں وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے۔
صدرمملکت عارف علوی اوردیگر کئی اہم شخصیات نے شریف برادران سے اظہار افسوس کیا ہے ۔ صدر مملکت عارف علوی نے شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔
بلاول بھٹو،عثمان بزدا،شیخ رشید، شبلی ودیگر کی تعزیت
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہارکیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، دعاگو ہوں اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بیگم شمیم اختر کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے میاں برادران سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ لواحقین کو صبر عطا فرمائے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مرحومہ کے درجات بلند کرے ، پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا تعزیتی پیغام میں کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا نواز شریف اور شہبازشریف کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے۔
بیگم شمیم اختر کے انتقال پر کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور شریف برادران سمیت تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے میاں برادران کی والدہ کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ اللہ لواحقین کو صبر عطا کرے ۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفرالحق نے نواز شریف کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت میں کہا مرحومہ نہایت نیک سیرت انسان تھیں۔
گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ ، چوہدری شجاعت حسین، عبدالعلیم خان، شہباز گل اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سمیت متعدد اہم شخصیات نے شریف برادران سے اظہار افسوس کیا ۔
واضح رہے نواز شریف او ر شہباز شریف کی والدہ کا لندن میں انتقال ہوا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ان کی میت پاکستان لائی جائے گی تاہم ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہوئی کہ میت کے ساتھ کون کون آئے گا۔