کراچی کنگز گرتے پڑتے سپر اوور میں ملتان سےجیت کر فائنل میں
کراچی(سپورٹس ڈیسک)کراچی کنگز نے گرتے گرتے سنبھل کر سپر اوور میں ملتان سلطانز کو شکست دے کر پاکستان سپر لیگ 5 کے فائنل میں جگہ بنالی ہے.
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پہلے کوالیفائر کےسپراوور میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کےلیے 14 رنزکاہدف دیا لیکن ملتان کی ٹیم صرف 9 رنز بناسکی اور کراچی میچ 4 رنز سے جیت گیا۔
اس سے پہلے پلے آف مرحلے کے پہلے کوالیفائر میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ملتان نے مقررہ اوورز میں 141 رنز بنائے اور کراچی کو جیت کیلئے 142 رنز کا ہدف ملا جواب میں کراچی کنگز نے بھی 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔
کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم 65 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے اور انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا ، سہیل تنویر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ملتان سلطانز نے مقررہ اوورزمیں 7 وکٹ پر 141 رنزبنائے، روی بوپارہ 40 رنزبناکرنمایاں رہے،ذیشان اشرف 21 اور خوشدل شاہ 17 رنزبناکرآؤٹ ہوئے۔
شاہدآفریدی 12 اور ایڈم لائیتھ 9 رنزبناکرآؤٹ ہوئے، رائلی روسوو اورمحمد الیاس نے5،5 جبکہ شان مسعودنے 3 رنزبنائے۔
سہیل تنویر جارحانہ 25 رنزبناکرناقابل شکست رہے۔کراچی کنگزکے وقاص مقصود اورارشداقبال نے دودوکھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے پی ایس ایل کا آخری مرحلہ مارچ میں ملتوی کر دیا گیا تھا جو اب بغیر تماشائیوں کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مکمل کیا جارہا ہے۔
پی ایس ایل 5 کا آخری میچ سات ماہ قبل 15 مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں کوئٹہ نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔