تعلیمی اداروں سے متعلق حکومت نے فیصلہ کرلیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک)صوبوں سے تفصیلی مشاورت کے بعد وزارت تعلیم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کر لیاہے۔
کورونا کی نئی لہر کے پیش نظروفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں وزارت صحت کے حکام نے کورونا کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔
وزرائے تعلیم کانفرنس میں شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی ضرورت نہیں لہٰذا ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے، شرکاء کا موقف تھا کہ پہلے ہی تعلیمی سال متاثر ہو چکا ہے ۔
پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق فیصلہ کیا گیاہے کہ اس سال یہ نہیں ہو ں گی ،ذرائع کے مطابق موسم سرماکی کم سے کم تعطیلات یا ناکرنے کا فیصلہ صوبوں کے جغرافیہ پر منحصر ہوگا۔
صوبے اپنے اپنے شہروں اور علاقوں میں موسم کی صورت حال کو پیش نظر رکھ کر چھٹیاں دینے یا نہ دینے کافیصلہ کریں گے کیونکہ بعض جگہ شدیدسردی کی وجہ سے سکول کھلے نہیں رکھے جا سکتے۔
یاد رہے تعلیمی ادارے کھلے ہونے کے باوجودکورونا کے خطرات کی وجہ سے ریگولر کلاسز نہیں ہو پا رہی ہیں اور ایک دن کے وقفہ کے بعد بچے دوسرے دن سکول جاتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں حکومت کاواضح کردہ ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی جائے تاکہ کورونا کے خطرات سے بچا جا سکے۔