م،ش،لیگ کی باتیں کرنے والوں کو پیغام مل گیا ہم ایک ہیں، مریم نواز
لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حمزہ شہباز اور شہباز شریف سے ملاقات کے موقع پر کہا ہے کہ م، ش اور ن لیگ کی باتیں کرنے والوں کو پیغام مل گیا ہم ایک ہیں۔
مریم نواز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور رکن پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کے لیے احتساب عدالت لاہور پہنچیں اور دونوں سے ملاقات کی۔
بعد میں مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں پیش کیا جانا قابل مذمت ہے، حکومت پر جو دہشت جمہوری قیادت کی طاری ہے وہ کسی اور کی نہیں.
انھوں نے کہا کہ جو معیار حکومت طے کر رہی ہے انھیں بھگتنا پڑے گا، اگلا سال عام انتخابات کا سال ہے، گلگت بلتستان میں بھی ن لیگ الیکشن جیتے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو لوگ ش لیگ ن لیگ م لیگ کی باتیں کرتے تھے اُن کو پیغام مل گیا ہے کہ ہم اکھٹے ہیں، کم ظرف لوگ 30 سال سے یہ والی باتیں کر رہے ہیں، یہ خاندان اکھٹا ہے اور اکھٹا رہے گا۔
نیب حکام نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا جہاں احتساب عدالت کے جج نے کیس پر مختصر سماعت کے بعد آدھے گھنٹے کا وقفہ کردیا جس کے بعد مریم نواز کی کمرہ عدالت میں شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔
مریم نواز نے اپنے چچا زاد بھائی حمزہ شہباز کو تھپکی بھی دی اور انہیں بکتر بند میں عدالت لائے جانے کی مذمت کی۔