پاکستانی ایمپائرعلیم ڈار نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا
راولپنڈی( سپورٹس ڈیسک)مایہ ناز پاکستانی امپائر علیم ڈار نے زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔
یہ اعزا 52 سالہ علیم ڈار نے اتوار کو راولپنڈی میں پاکستان اور زمبابوے کے میچ میں 210 ویں مرتبہ بطور ون ڈے امپائر خدمات سرانجام دیں جس کے ساتھ ہی وہ زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کرنے کا روڈی کرٹزن کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہے۔
روڈی کرٹزن نے 1992ء سے 2010ء کے دوران 209 میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے تھے، علیم ڈار نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا ۔
اس سے قبل سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ سابق ویسٹ انڈین امپائر سٹیو بکنر کے پاس تھا جنہوں نے 128 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کی ۔
ٹی ٹونٹی میچوں میں علیم ڈار 46 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پہلے نمبر پر پاکستان ہی کے احسن رضا ہیں جنہوں نے 49 ٹی ٹونٹی میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔
مجموعی طور پر علیم ڈار نے387 بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی ہے جو دنیا میں کسی بھی کرکٹ امپائر سے زیادہ ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے خواہمشمند سابق کرکٹر نے کرکٹ کیریئر میں زیادہ مواقع نہ ملنے پر امپائرنگ کو بطور پیشہ اپنا لیا تھا۔
علیم ڈارہر گزرتے دن کے ساتھ نت نئے ریکارڈز اپنے نام کرتے گئے۔ علیم ڈار نے اپنے انٹرنیشنل امپائرنگ کیریئر کا آغاز 2000ء میں گوجرانوالہ میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے میچ سے کیا ۔
لگاتار 3 سال تک آئی سی سی کے بہترین امپائرنگ کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار 2003ء میں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ سے اپنے ٹیسٹ امپائرنگ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
پاکستانی امپائر نے کہا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹر بننا چاہتا تھا اور اسی لیے گوجرانوالہ سے لاہور منتقل ہوا جہاں میں اسلامیہ کالج سول لائن سے بحیثیت بلے باز منتخب ہونے والا پہلا کھلاڑی تھا اور میرے ساتھ اسی کالج سے وسیم اکرم بحیثیت باؤلر منتخب ہوئے۔