لیبیا میں فریقین کا مستقل جنگ بندی پر اتفاق ، معاہدہ پر دستخط
فوٹو: ٹوئٹر
جنیوا: لیبیا میں متحارب فریقین نے مستقل جنگ بندی پر دستخط کردیئے ہیں اس بات کااعلان اقوام متحدہ کی طرف سے سامانے آیا ہے بتایا جاتا ہے کہ فریقین نے ایک تقریب میں معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔
اس حوالے سے عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیا میں برسرپیکار اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت اور مخالف مسلح قوت کے درمیان جنیوا میں مستقل جنگ بندی کا معاہدہ طے پاگیا ہے ۔
معاہدہ کے تحت لیبیا کے ہر علاقے میں سیز فائر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا،لیبیا میں اقوام متحدہ کے مشن کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک پر مستقل جنگ بندی پر اتفاق کی تصدیق کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں سیز فائر معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں جو کہ ایک تاریخی کامیابی ہے،معاہدے کے تحت لیبیا میں موجود بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے تمام جنگجو تین ماہ کے دوران اپنے اپنے ملک روانہ ہوجائیں گے۔
فریقین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے عمل کو ترجیح بنیاد پر پورا کیا جائے گا،اقوام متحدہ کی سفیر اسٹیفن تورکو ویلیئم سے مذاکرات کے نتیجے میں لیبیا کی عالمی طور تسلیم شدہ حکومت اور منحرف رہنما جنرل خلیفہ ہفتر کے پانچ پانچ ملٹری کمانڈرز جنیوا پہنچے تھے۔
جنیوا میں انہی کی سربراہی میں فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا،2011میں باغیوں نے 42 برس تک بلا شرکت غیرے حکمرانی کرنے والے معمر قذافی کو ایک سرنگ سے نکال کر بیدردی سے قتل کردیا تھا ۔
اگرچہ اس کے بعد اقوام متحدہ کی حمایت حکومت تشکیل دی گئی تھی تاہم لیبیا میں امن قائم نہیں ہوسکا تھا اور اس دوران ہزاروں جانیں جنگ کی نذر ہوگئیں اور خانہ جنگی نے ملکی معیشت کو بھی تباہ کردیا۔