ٹک ٹاک ، پر پاکستان میں پابندی لگا دی گئی

0

اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان میں چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے پابندی لگا دی ہے۔

پی ٹی اے اعلامیہ کے مطابق معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات کی تھیں جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان پی ٹی اے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک موبائل ایپلی کیشن کوپاکستان کے تمام نیٹ ورک پربندکرنیکافیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی اے نے موبائل فون کمپنیوں کو ہدایت جاری کردی ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کے ساتھ اپنے تحفظات شیئر کیے گئے تھے اور انہیں پی ٹی اے کی ہدایات پر عمل کے لیے مناسب وقت بھی دیا گیا تھا تاہم ٹک ٹاک انتظامیہ ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔

ٹک ٹاک انتظامیہ کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے کہ اگر وہ آنے والے دنوں میں ریگولیٹر کی ہدایات کے مطابق غیر اخلاقی مواد کو روکنے کا موثرطریقہ کارتیار کرلیتا ہے تو پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جاسکتی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس سے قبل ٹنڈر اور سے ہائے سمیت پانچ ڈیٹنگ ایپس اور لائیو اسٹریمنگ ویب سائٹس پر پابندی لگائی تھی۔

گزشتہ دنوں وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان معاشرے میں بڑھتی عریانیت اور فحاشی پر شدید پریشان ہیں اور انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو اس کی روک تھام کے لیے ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک یا دو نہیں بلکہ 15 یا 16 مرتبہ اس معاملے پر مجھ سے بات کی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ مرکزی میڈیا اور سوشل میڈیا اور اس کی ایپلی کیشنز کے ذریعے پھیلنے والی فحاشی کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی بنائے۔

شبلی فراز نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ عریانیت کی وجہ سے بچوں اور خواتین کے ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

عمران خان نے حال ہی میں انہیں بتایا کہ ٹک ٹاک جیسی ایپس معاشرے کی اقدار کو زبردست نقصان پہنچا رہی ہیں لہٰذا اسے بلاک کرنا چاہیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.