روکھی روٹی کا سواد
عرفان حیدر
کل پھر گھر پر سبزی پکی تھی اور میرا دل برگر کھانے کو تھا، گھر سے نکلا مکڈونلڈ پر لمبی لائن میں میں کھڑا اپنی باری کا انتظار کر رہا تھا کہ اچانک پاس والی دیوار کے سائے میں ایک شخص آبیٹھا جو غالباً مزدور تھا اور ایک رومال سے دو سُوکھی روٹیاں نکالیں روٹیاں کھولیں تو اندر ہری مرچ کا اچار تھا.
اس نے سامنے روٹی کھول کر رکھی اور ہاتھ اُٹھا کر دُعا مانگی اور نوالہ توڑا، میں اُسے غور سے دیکھنے لگا اس نے کھانا شرو ع کیا تو میرا تجسس بڑھتا گیا اس کے ہر لقمے پر اسکے چہرے پر ایک عجیب خوشی میں دیکھ رہا تھا اور وہ ہر نوالے پر اپنے اللّه کا شکر ادا کرتا جا رہا تھا.
مجھے یہ سب دیکھ کر بہت ہی اچھا محسوس ہو رہا تھااتنے میں ایک اور مزدور آکر اس کے پاس دیوار کے سائے میں بیٹھ گیا اور اپنے رومال سے روٹی نکالی لیکن اسکی روٹی میں اچار بھی نہ تھا تب اس پہلے مزدور نے کھاتے ہوئے اپنی روٹی کا اچار اس کی روٹی میں رکھ دیا.
اور ساتھ ہی بہت ہی پیار اور شفقت بھرے لہجے میں کہا…. "میرا پیٹ فُل ہوگیا تھا اچھا کیا جو تم اچار نہیں لائے ورنہ میرا ضائع ہو جانا تھا” بس یہ وہ آخری الفاظ تھے جو میں نے غور سے سنے بھی اور دیکھا بھی…. اتنے میں آواز آئی، جی سر آپکا آرڈر کیا ہے؟
میں نے مکڈونلڈ کے سٹاف کی طرف دیکھا تو میری آنکھوں سے آنسو نکل رہے تھے اور منہ میں ایک لفظ نہیں تھا بہت ہی کوشش کے بعد بس اتنا کہا کہ…”مجھے برگر نہیں پسند” اور کھڑکی چھوڑ کر ان مزدوروں کے پاس جا کر رُک گیا.
مجھے سر پر کھڑا دیکھ کر وہ دونوں پریشان اور بوکھلا گئے…. ایک نے کہا صاحب جی ابھی چلے جاتے ہیں بس روٹی کھانے چھاؤں میں بیٹھ گئے… اور میری آنکھوں سے ٹپ ٹپ آنسو بہنے لگے میں نے انکے پاس گھٹنوں کے بل بیٹھ کر کہا اپنی روٹی سے ایک نوالہ دوگے؟
اس نے پوری روٹی میری طرف بڑھا دی اور جھٹ سے ایک پرانی سی بوتل کھول کر اپنا پانی بھی میرے آگے کر دیا….میں نے ایک نوالہ اچار کے ساتھ جو منہ میں لیا کاش میرے پاس الفاظ ہوتے کہ اس دنیا کے سب کھانوں سے لذیذ لقمہ تھا اتنا لذیز کے مجھے اچھے سے اچھے کھا نے بھول گے.
میں نے روتے ہوئے ہی پوچھا یہ کھانا اتنا لذیذ کیسے ہے؟ وہ بھی اچار کے ساتھ؟ مزدور نے کہا صاحب جی حلال کمانے کی کوشش کرتے ہیں کبھی بھی حرام کا ایک لقمہ بھی اپنے بچوں کو نہیں کھلایا جو اللّه پاک رزق عطا کر دے شکر ادا کرتے ہیں شاید تبھی مزہ آتا ہے رُوکھی سُوکھی کھانے کا بھی.
مجھے نہیں یاد میں نے کتنے لقمے لگائے اسکے بعد اسکی روٹی کےاور اب مجھے ہر گز برگر نہیں پسند، سادہ روٹی کھاتا ہوں جو بہت لذیذ ہوتی ہے۔ “