ٹیم میں شمولیت کیلئے میرے والد سے رشوت مانگی گئی، ویرات کوہلی
فوٹو: فائل
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے مجھے ٹیم میں شامل کرنے کیلئے ایک شخص نے میرے والد سے رشوت مانگی تھی تاہم میرے والد نے رشوت دینے سے انکار کردیا تھا۔
فٹ بال سٹار سنیل چھیتری کے انسٹا گرام پر لائیو شو ’الیون آن ٹین‘ میں ویرات کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ جب میرے والد کی جانب سے رشوت نہ دی گئی تو مجھے کرکٹ ٹیم کے لیے مسترد کر دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے انڈیا ٹوڈے کے مطابق ویرات کوہلی کا کہنا تھا ’میرے آبائی علاقے دہلی میں بعض اوقات نامناسب چیزیں بھی ہوتی ہیں، ایک مرتبہ ایک صاحب سلیکشن کے معاملے میں اصولوں پر عمل نہیں کر رہے تھے۔
بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ جب رشوت نہ دینے پر مجھے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تب بھی میں میرٹ پر پورا اترتا تھا،’میرے والد نے ان کو کہا اگر آپ نے ویرات کو منتخب کرنا ہے تو یہ میرٹ پر ہوگا، میں اضافی کچھ نہیں دوں گا۔
وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ اس وقت جب منتخب نہیں ہوا، میں بہت رویا تھا اور ٹوٹ گیا تھا،’اس واقعے نے مجھے بہت کچھ سکھایا۔ میں نے محسوس کیا کہ کامیاب بننے کے لیے مجھے غیر معمولی ہونا چاہیے اور اس کو میں اپنی محنت اور کوشش سے حاصل کروں گا۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ میرے والد نے مجھے عمل کے ذریعے درست راستہ دکھایا،بعد میں والد کو کھونے کے باوجود میں نے کیریئر پر توجہ دی، والد کے انتقال کے ایک دن بعد رانجی ٹرافی میچ میں بیٹنگ کی۔
والد کی موت نے یہ احساس دلایا کہ میں نے زندگی میں کچھ کرنا ہے۔ میں سوچتا ہوں کتنا اچھا ہوتا اگر میں اپنے والد کو اچھی اور پرامن ریٹائرمنٹ کی زندگی دیتا جس کے وہ مستحق تھے۔
ویرات کوہلی نے ٹھنڈی آہ بھرتے ہوئے کہاکبھی کبھی ان کے بارے میں سوچتے ہوئے جذباتی ہو جاتا ہوں۔کوہلی کے والد کا انتقال اس وقت ہوا جب وہ اٹھارہ برس کے تھے۔