معاشرہ وہ آگے جاتاہے جہاں قانون کی حکمرانی ہو، وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سب کو قانون کے دائرے میں لانے کا کام سپریم کورٹ نے شروع کیا اور وہ کام کیے جو جمہوری حکومتوں کو کرنے چاہیے تھے۔
وہ لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے زیر اہتمام ‘ملک میں بڑھتی آبادی پر توجہ ‘ کے عنوان پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ چیف جسٹس کا شکر گزار ہوں، پہلا وزیراعظم ہوں جسے انہوں نے دعوت دی، شکر ہے کورٹ نمبر ایک میں نہیں بلایا۔
وزیراعظم نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کا فیصلہ اہم تھا آپ نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی، جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے۔
وہ آگے جاتا ہے، ہمارے ہاں الیکشن ہوتے تھے لیکن قانون کی حکمرانی نہیں آتی تھی، ڈکٹیٹر ڈیموکریٹ بننے اور ڈیموکریٹ ڈکٹیٹر بننے کی کوشش کرتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے بہترین دور کا ا?غاز شروع ہوا ہے، ہم مدینہ جیسی ریاست بنانے کی کوشش کرتے رہیں گے، سپریم کورٹ نے وہ کام کیے جو جمہوری حکومت کو کرنے چاہیے تھے۔
جمہوری حکومتیں بدقسمتی سے صرف پانچ سال کا سوچتی تھیں تاکہ اگلا الیکشن جیت جائیں جب کہ ڈیم پانچ سال سے زیادہ عرصے میں بنتا ہے، اسی محدود سوچ کی وجہ سے اس مسئلے میں گھرے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کم بچے خوشحال گھرانا بہت اچھی مہم تھی جسے مشرقی پاکستان کے لیے سمجھا جاتا تھا لیکن آج وہ مشرقی پاکستان بنگلا دیش ہم سے آگے نکل گیا کیونکہ ان کی سوچ دور کی تھی۔