گوتم گھمبیر کے ذہن پر اب بھی شاہد آفریدی سوار ہے

0

فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر کو کرکٹ چھوڑے اور سیاستدان بنے ایک عرصہ ہو گیاہے لیکن اب بھی سابق پاکستانی کپتان جارح مزاج شاہد آفریدی ان کے ذہن پر سوار ہیں، گوتم نے ایک بار پھر آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

دونوں کے درمیان انڈیا اور پاکستان کرکٹ میچز کے دوران لڑائی ہوئی تھی، کئی میچز میں گوتم گھمبیرغلط الفاظ بولتے نظر آئے جس کے جواب میں شاہد آفریدی نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں بھی گوتم گھمبیر کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ بہت نخرے کرتا تھا جیسے وہ بریڈ مین ہو یا بہت بڑا کھلاڑی ہے۔ دونوں میں کرکٹ چھوڑنے کے بعد بھی نوک جھونک اکثر سوشل میڈیا پر چلتی رہتی ہے اور اب کی بار بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے۔

ٹوئٹر پر گھمبیر نے بوم بوم آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہد آفریدی! میں آپ کو یاد دلاتا ہوں 2007 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ میں54 گیندوں پر 75 رنز بنائے تھے اور اس میچ میں آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے تھے اور ہم ورلڈ کپ جیت گئے تھے۔

گوتم گھمبیر نے مزید لکھا کہ ‘میں جھوٹوں کے بارے میں ایسا ہی رویہ رکھتا ہوں، اس ٹویٹ پر بوم بوم شاہد آفریدی کی طرف سے تو کوئی جواب نہیں آیا لیکن ان کے مداحوں نے سابق انڈین کرکٹر کو ماضی کے مختلف میچز یاد دلائے۔

پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ شائقین گوتم گھمبیر کی اس ٹویٹ پر بڑے دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔

ٹوئٹر صارف ندیم رام علی نے لکھا کہ ‘گوتم بھائی میچ ٹیم ورک سے جیتا جاتا ہے آپ ایسے ظاہر کرتے ہیں جیسے صرف آپ نے ہی پرفارمنس دکھائی باقی دس کھلاڑیوں نے تو کچھ نہیں کیا۔ اگر آپ کو یہ لگتا ہے کہ آپ نے اکیلے میچ جتوایا تو یہ غلط بات ہے۔

ایک اور صارف ڈاکٹر نیمو نے لکھا کہ اس میچ میں مین آف دی میچ عرفان پٹھان تھے جب کہ ٹورنانمنٹ میں ’مین آف دی ٹورنامنٹ‘ کا ایوارڈ شاہد آفریدی کو ملا تھا۔

اے سی سپورٹس کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ اتنے سالوں کے بعد بھی لگتا ہے شاہد آفریدی ابھی تک آپ کے ذہن میں ہیں۔ آپ کبھی بھی فیلڈ پر ان کے برابر نہیں آ سکتے۔

ٹوئٹر صارف حسن شیغان نے لکھا کہ ’آپ کے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچز میں 187 رنز 26.71 کی اوسط سے ہیں اور یہ کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے کم رنز ہیں جب کہ دوسری طرف شاہد آفریدی کے انڈیا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں 709 رنز 47.26 کی اوسط سے ہیں جس میں بطور اوپنر تین سنچریاں بھی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے شاہد آفریدی کا ایک پرانا کلپ بھی شیئر کیا جس میں رپورٹر کے سوال کے جواب میں انہوں نے گوتم گھمبیر کے بارے میں کہا تھا کہ ’لگ رہا ہے یہ بات کسی پڑھے لکھے بندے نے کی؟ پتہ نہیں کیسے کیسے لوگوں کو ووٹ دے دیا ہے جن میں عقل ہی نہیں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.