کورونا،دنیا میں ہلاکتیں 1 لاکھ سے بڑھ گئیں، امریکی صدر کا بڑا فیصلہ
ویب ڈیسک
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ معیشت کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرنے لگے ہیں اور یہ ان کی زندگی میں کیا جانے والا مشکل ترین فیصلہ ہوگا۔
اس حوالے سے سے اردو نیوز نےاے ایف پی کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی ہے کہ صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں فیصلہ کرنے جا رہا ہوں اور خدا سے امید ہے کہ یہ درست فیصلہ ہوگا۔ لیکن میں بلا جھجھک کہوں گا کہ یہ سب سے بڑا فیصلہ ہوگا جو کہ اب تک میں نے اپنی زندگی میں کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ فیصلہ دونوں سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہوگا،منگل کو اس حوالے سے نئی ٹاسک فورس کے ارکان کا اعلان کروں گا ۔ ان کے مطابق اس گروپ میں بڑے ڈاکٹر اور کاروباری افراد شامل ہوں گےجبکہ ریاستوں کے گورنرز بھی اس کا ممکنہ حصہ ہو سکتے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو ہزار 108 افراد ہلاک ہوئے۔
اے ایف پی کے مطابق دنیا میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 17 لاکھ کے لگ بھگ ہے جبکہ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر کے مطابق امریکہ میں متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاور کر گئی ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دنیا کے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن ہے۔ معروف اور تاریخی شہروں سے لے کر مصروف ترین سڑکوں اور چوراہوں میں ویرانی چھائی ہوئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے خبر دار کیا ہے کہ کورونا کا مقابلہ کرنے والے ملکوں کی طرف سے لوگوں کی نقل وحرکت پر وقت سے پہلے پابندی ہٹانا مہلک اقدام ہو سکتا ہے۔
جنیوا میں ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈبلیو ایچ او کےسربراہ کا کہنا تھا کہ ان ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جہاں لاک ڈاون بتدریج ختم کیا جا سکتا ہے لیکن اس میں جلد بازی خطرناک ہوگی۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کےاعداد و شمار کے مطابق اب تک تین لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد صحت یا ب بھی ہوچکےہیں، چین میں سب سے زیادہ 77 ہزار سے زائد افراد صحت یا ب ہوئے ہیں۔
سپین میں 55 ہزار، جرمنی میں 53 ہزار، اٹلی میں 30 ہزار جبکہ امریکہ میں صحت یا ب ہونے والوں کی تعداد 27 ہزار سے زائد ہے۔
امریکہ کے بعد سپین میں کورونا کےسب سے زیادہ کیسز دیکھنے میں آئے ہیں، جہاں ایک لاکھ 57 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہیں، اب تک سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئیں۔ اس کے بعد امریکہ کا نمبر ہے جبکہ سپین تیسرے اور فرانس چوتھے نمبر پر ہے۔
امریکی شہر نیویارک سٹی میں مرنے والوں کی تعداد پانچ ہزار آٹھ سوسے بڑھ چکی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکہ کی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے ڈیٹا سینٹر کے مطابق فرانس میں کورونا متاثرین کی تعداد 125,930، جرمنی میں 119,624، اٹلی میں147,577، برطانیہ میں 74,605، چین میں 82,941 اورایران میں68,192 ہے۔