کامرہ میں ایک شخص کی 2بیویاں3بچوں کا لرزہ خیز قتل
کامرہ کینٹ (ویب ڈیسک)کامرہ کینٹ کے نواحی علاقے جتیال میں ایک شخص کی دو بیویوں اور تین بچوں کا لرزہ خیز قتل، درندہ صفت قاتلوں نے ہاتھ پاوں باندھ کر پانچوں کو موت کے گھاٹ اتارا، ایک بچی معجزانہ طور پر بچ گئی۔
قتل کی روح فرسا واردات کامرہ کے نواحی علاقے جتیال میں پیش آئی ۔۔ کراچی کا رہائشی محمد وسیم جو کامرہ کینٹ میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے۔ اور اس نے دو شادیاں کی ہوئی تھیں۔
محمد وسیم نے پولیس کو بتایا کہ وہ کامرہ کینٹ بازار میں اپنے بیوٹی سیلون پر تھا چار بجے کسی کام سے گھر آیا تو دونوں بیویوں اور تین بچوں کی لاشیں خون میں لت پت تھیں۔
قتل ہونے والوں میں اس کی پہلی بیوی نائلہ اور اس کے تین بچے آٹھ سالہ محمد حسن، پانچ سالہ کاشان اور چار سالہ عثمان ۔۔ اور نئی بیوی علیشبہ بی بی شامل ہیں۔
تینوں کے ہاتھ پاوں بھی بندھے ہوئے تھے معجزانہ طور پر بچ جانے والی بچی کی عمر تقریبا ایک سال ہے۔۔ محمد وسیم نے دوسری بیوی علیشبہ بی بی سے چند ماہ پہلے شادی کی تھی۔
علیشبہ بی بی پہلے کرسچن تھیں اور اسلام قبول کرکے وسیم سے شادی کی تھی۔۔اس حوالے سے ڈی پی او عبادت نثار کا کہنا ہے کہ پولیس نے شہادتیں اکٹھی کی ہیں اس کی روشنی میں حقائق تک پہنچیں گے،
مقتولین کے گھر کی دوسری منزل پر رہنے والے پڑوسیوں نے واردات سے لا علمی کااظہار کیا ہے ۔۔ ان کا کہنا تھا کہ گرمی کی وجہ سے پنکھے لگے تھے انھیں کسی قسم کی رونے یا چیخنے کی کوئی آواز نہیں آئی۔
پڑوسیوں کے مطابق جس وقت قتل کی واردات کاذکر ہو رہاہے اس وقت محمد وسیم کے گھر میں ڈیک پر اونچی آواز میں قوالی لگی ہوئی تھی۔۔ اور قوالی کی آواز انھیں بھی سنائی دی تھی۔
پولیس واردات کے بعد موقع پر پہنچ گئی اور لاشیں قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا ئی گئیں۔