آسٹریلوی کھلاڑی کرس لین لاہور قلندر کو سیمی فائنل میں پہنچا کر وطن واپس
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)دھواں دھار بیٹنگ اور سنچری بنا کر لاہور قلندر کو سیمی فائنل تک پہنچانے والے آسٹریلوی کھلاڑی کرس لین نے کورونا وائرس کے باعث واپس جانے کا کا اعلان کردیا.
لاہور قلندرز کے آسٹریلوی بیٹسمین نے اتوار کی دوپہر لاہور قلندرز کی جانب سے 55 گیندوں پر 113 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو ملتان سلطانز کے خلاف فتح دلواکر ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا.
کرس لین اب سیمی فائنل میں لاہور کو دستیاب نہیں ہوں گے اور لاہور کو اب بھی بین ڈنک، سمت پٹیل اور ڈین ویلاس کی صورت میں غیر ملکی امداد حاصل ہے.
کرس لین نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان میں اپنا قیام انجوئے کیا لیکن موجودہ حالات میں انہوں نے گھر واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آسٹریلوی کھلاڑی کرس لین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ مؤقف اختیار کیا کہ زندگی میں کرکٹ کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے اور یہی ان کے فیصلے کی بنیاد ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ناک آؤٹ مرحلے میں ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ویزے اور سری لنکا کے سیکوگے پرسنا نے بھی لاہور قلندرز کے ساتھ پی ایس ایل میں اپنا سفر ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کا اعلان کیا تھا۔
تمام غیر ملکی کرکٹرز نے پی ایس ایل ادھورا چھوڑنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کے بعد کیاپی سی بی نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد کھلاڑیوں کو آپشن دیا تھا کہ اگر وہ چاہیں تو گھروں کو واپس روانہ ہو سکتے ہیں۔
پی سی بی کی پیشکش کے بعد پہلے مرحلے میں 11 کھلاڑیوں نے لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد یونائٹیڈ کے 3 پلیئرز بھی گھر چلے گئے تھے۔
لاہور قلندرز کی ٹیم منگل کو پی ایس ایل 5 کے سیمی فائنل میں کراچی کنگز سے مقابلہ کرے گی، اسی طرح کراچی کنگز کے ایلکس ہیلز اور مچل میک کلینگن بھی پاکستان سپر لیگ چھوڑ کر گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں۔