ڈبلن ٹیسٹ:پاکستان کے6وکٹوں پر268رنز، فہیم اور شاداب موجود
فوٹو: کرکٹ آئرلینڈ
ڈبلن(ویب ڈیسک )پاکستان اور آئر لینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 268رنز بنا لیئے۔
پاکستان کے ابتدائی 6 بلے بازوں کے جلد آوٴٹ ہونے کے بعد شاداب خان اور فہیم اشرف نے اپنی ٹیم کو سنبھالا۔ 76 اوورز میں جب 6 وکٹوں کے نقصان 268 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث میچ کو روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔
دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو فہیم اشرف 61 اور شاداب خان 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنی پہلی نصف سنچری اسکور کی اور دونوں کے درمیان 109 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 13 کے مجموعی اسکور پر اظہر علی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
حارث سہیل اور اسد شفیق نے محتاط انداز سے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن کھانے کے وقفے کے بعد جلد ہی حارث سہیل 31 کے انفرادی اسکور پر ہمت ہار گئے۔بابر اعظم بھی 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اسد شفیق اپنی 19 ویں نصف سنچری بنانے کے بعد 62 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ سرفراز احمد بھی 20رنز پر ہی باہر جاتی گیند کو چھیڑنے کی کوشش میں سلپ میں کیچ آوٴٹ ہو گئے۔
دوسرے روز آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم خراب موسم نے دوسرے دن کا بھی کھیل مکمل نہ ہونے دیا۔