سعودی عرب میں پاکستانی فلم اور ڈرامے، مفاہمت پر دستخط
ریاض (ابرار تنولی )سعودی عرب میں پاکستانی فلم اور ڈرامے کے فروغ کیلئے ٹاپ ایونٹ اور آئی ایچ اے کے مابین ایم او یو پر دستخط کی پروقار تقریب نالج کور اکیڈمی الریاض میں منعقد ہوئی ۔
ٹاپ ایونٹ کے سی ای او پرنس عبدالعزیز بن متعب اور آئی ایچ اے کی جانب سے پاکستانی فلم ڈاریکٹر عمران رضا کاظمی نے دستخط کئے، پانچ سالہ معاہدے میں سعودی عرب میں پاکستانی ڈرامہ، فلم کو فروغ دیا جائے گا ۔
ایم او یو کے مطابق اسٹیج شوز اور ثقافتی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ اس موقع پر پرنس عبدالعزیز بن متعب نے کہا کہ پاکستانی ڈرامہ دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہچان رکھتا ہے جبکہ فلم بھی اب بہتری کی جانب گامزن ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستانی فلم بھی یہاں کے سنیما گھروں کی زینت بنے اور فلم کے شائقین اس سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وڑن 2030 کے تحت کام کر رہے ہیں۔
پاکستانی فلم اسٹار حریم فاروق کا کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب آ کر بہت خوشی ہوئی ہیں اور سعودی عرب پاکستانی فلم انڈسٹری کے لئے موزوں ترین ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ یہاں پاکستانی کیمونٹی بہت بڑی تعداد میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت وژن 2030 کے تحت ثقافت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے اس سے مستقبل میں پاکستانی فلموں کو بہتر طور پر فروغ دیا جا سکے گا۔
فلم پروڈیوسر عارف لاکھانی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستانی فلم کے لئے اچھی مارکیٹ ثابت ہوگی کیونکہ یہاں پاکستان کی نسبت زیادہ سنیما ہال کھولنے جا رہے ہیں،اور ہم سعودی گورنمنٹ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے پاکستانی فلموں کو بھی نمائش کی اجازت دی ۔
فلم ڈائریکٹر عمران رضا کاظمی کا کہنا تھا کہ جس طرح پرنس عبدالعزیز بن متعب اور ان کی کمپنی ٹاپ ایونٹ ہمارا ساتھ دے رہی ہے اس سے لازمی طور پر ہم بہتر طور ہر کام کر سکیں گے۔
عمران رضا کا کہنا تھا ہماری کوشش ہوگی کہ ہم پاکستان کے علاوہ یہاں پر مقیم ٹیلنٹ کو بھی موقعہ فراہم کریں اس کے علاوہ اگلے چند ماہ میں اسٹیج شوز کا انعقاد بھی ہوگا جس میں پاکستان سے بڑے فنکار یہاں پرفارمنس دیں گے۔
ٹاپ ایونٹ کے ڈائریکٹر عمران اسماعیل نے کہا ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ ہم پاکستانی کیمونٹی کے لئے بہتر پروگرام ترتیب دے سکیں اور ہم مستقبل میں ایسے پروگرام لا رہے ہیں جوکہ پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بھی کریں گے ۔
آخر میں پروگرام کے منتظم تنویر میاں نے ثقافتی رنگوں میں سجی اس تقریب میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔