دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے پاکستان کا رخ کر لیا,79 ہزار ویزے جاری

0

فوٹو : فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی بات سچ ثابت ہونے لگی دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے پاکستان کا رخ کر لیا، مختلف ممالک کے 79 ہزار افراد کو آن لائن ویزے جاری کئے گئے ہیں.

نادرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق غیرملکی شہریوں کی جانب سے ویزے کے حصول کے لیے مجموعی طور پر 89 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 24 ہزار درخواستیں صرف سیاحتی ویزے کے لیے ہیں۔

اب تک نادرا کو سیاحتی ویزے کے لیے 24 ہزار 878 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نادرا کو آن لائن ویزا ایپلی کیشن سسٹم کے ذریعے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 89 ہزار788 درخواستیں موصول ہوئیں۔

موصول ہونے والی درخواستوں میں سے 79 ہزار620 غیر ملکیوں کو آن لائن ویزا فراہم کر دیا گیا جبکہ دیگر 2 ہزار 988 درخواستوں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

نادرا اعلامیہ کے مطابق غیرملکیوں کی جانب سے ویزے کے حصول کے لیے کی گئیں 3 ہزار966 درخواستیں مسترد بھی کی جاچکی ہیں۔

ان غیرملکیوں نے پاکستان میں سیاحت کے علاوہ کاروبار، مذہبی رسومات کی ادائیگی، مشنری، کوہ پیمائی، فیملی اور ثقافتی ویزوں کے لیے بھی درخواستیں دی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ویزا پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے 175 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا پالیسی نرم کرنے اور آن لائن درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کررکھا ہےیہ سہولت 175 ممالک کے شہریوں کو دی گئی.

پاکستان نے نئی ویزا پالیسی کے تحت 50 ممالک کو پاکستان پہنچتے ہی ایئرپورٹ پر ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا، 96 ممالک کو کاروباری غرض سے ویزے کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف نے 2018 کے انتخابات کی مہم میں اپنے منشور میں سیاحت کو فروغ دینے کو بھی شامل کیا تھا اور حکومت میں آنے کے بعد ویزا پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا جو حکومت میں آکر تبدیل کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.