بنگلہ دیش کی ٹیم ٹیسٹ میچ کھیلنے پاکستان پہنچ گئی
فوٹو : پی سی بی
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی،ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستان نہ آنے والے مشفق الرحیم بھی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں ۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے بنگلا دیشی ٹیم پاکستان پہنچی ہے،اسلام آباد کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان کھلاڑیوں اور اسٹاف کو خوش آمدید کہا جہاں سے بنگلا دیشی ٹیم ہوٹل کے لیے اسلام آباد روانہ ہو گئی،
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ 7 فروری سے راولپنڈی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو گا
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز طے تھی لیکن مہمان ٹیم نے اپنے دورے کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا تھاکیونکہ وہ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں زیادہ دیر قیام نہیں کرنا چاہتے تھے۔
گزشتہ ماہ پاکستان نے 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-2 سے شکست دی تھی جبکہ تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
پاکستان نے 2003 میں کھیلی گئی سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-3 سے شکست دی تھی، پاکستان پہنچنے والی بنگلہ دیش کی ٹیم میں ان کے سینئر بلے باز مشفق الرحیم بھی شامل ہیں جو ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان نہیں آئے تھے۔
منگل کو میجر (ر) حسین امام کی سربراہی میں بنگلہ دیش کا 3 رکنی سیکیورٹی وفد نے راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا اور پاکستانی حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی حکام سے ملاقات کی تھی۔
پاکستان اور بنگلہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 7 فروری سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہوگااس کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم آئندہ ہفتے بدھ کو واپس روانہ ہوجائے گی اور پھر ماہ اپریل میں واپس آکر ون ڈے انٹرنیشنل میچ اور کراچی میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
یہ بات مدنظر رہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے بعد سے بنگلہ دیش وہ دوسری ٹیم ہے جو ملک کا دورہ کر رہی ہے، دسمبر میں سری لنکا کی ٹیم نے 16 روز پر مشتمل پاکستان کا دورہ کیا تھا۔