ہزارہ ڈویژن میں برفباری ،35سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
مانسہرہ (زمینی حقائق )ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں ناران ، کاغان، شوگراں، چھتر پلین اور گلیات میں برفباری کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، ناران بازار میں ایک فٹ برف پڑ چکی ۔
ناران بازار میں تقریباً ایک فٹ اور کاغان بازار میں تین سے چار انچ برف پڑچکی ہے جب کہ ادھرجھیل سیف الملوک روڈ پر بھی برف کے باعث ٹریفک چلنا ناممکن ہوگیا ہے۔
برف کا یہ سلسلہ صبح دس بجے شروع ہوا تھا جو وقفہ وقفہ سے دن بھر جاری رہا، ایوبیہ اور گلیات میں بھی چار انچ سے زیادہ برف پڑھ چکی ہے، پھسلن کی وجہ سے مری ایبٹ اباد روڈ جگہ جگہ سے بند ہو چکی ہے۔
بتایا جاتاہے کہ ایوبیہ میں اپریل کے دوران برفباری کا پینتیس سالہ ریکارڈ ٹوٹاہے، اس موسم میں گزشتہ پینتیس سالوں میں اتنی برف باری نہیں ہوئی ۔
ڈائریکٹر گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ برف باری کی وجہ سے بند ہونے والی سڑکیں جلد کلیئر کردی جائیں گی۔
چھتر پلین میں بھی برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ۔ مانسہرہ کے بالائی علاقوں میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
بارش اور برفباری سے کئی علاقوں کی سڑکیں سیلابی پانی کی نذر ہوگئیں،چھتر پلین گرڈ سٹیشن میں خرابی سے متعدد علاقوں میں بجلی بھی بند ہو گئی ۔