پاکستان نے ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی، ویسٹ کو 82رنز سے شکست
فائل فوٹو
کراچی (ویب ڈیسک )کراچی میں کھیلے گے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 82 رنز سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی ہے
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوسرے میچ میں پاکستان نے بابراعظم اور حسین طلعت کی شاندار بلے بازی کی بدولت ٹی ٹوئنٹی میں اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا، قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 205 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا فخرزمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا،فحز چھ رنز بنا کر آوٹ ہو گئے ، دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور حسین طلعت میں 119 رنز کی عمدہ شراکت قائم ہوئی۔حسین طلعت 63رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
آصف علی 14 رنز پر آوٴٹ ہوگئے جب کہ شعیب ملک 17 رنز پر ناٹ آوٴٹ رہے۔بابر اعظم بدقسمتی سے وہ صرف 3 رنز کی کمی سے ٹی ٹوئنٹی میں اپنی پہلی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 97 رنز پر ناٹ آوٴٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے فلیچر اور چاڈوک والٹن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پچھلے میچ کی طرح محمد نواز نے ایک بار پھر ابتدائی اوورز میں وکٹ حاصل کرکے مخالف ٹیم کو مشکلات سے دوچار کیا، فلیچر صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پچھلے میچ میں جلدی پویلین لوٹ جانے والے والٹن نے اس میچ میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے لیکن وہ 29 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیل کر شاداب خان کا شکار بنے۔
مارلن سیموئل صرف 12 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔کپتان جیسن محمد اور رامدین نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور بالترتیب 15 اور 21 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔
کپتان کے آوٴٹ ہوجانے کے بعد کیمو پال نے 17 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا اور وقفے وقفے سے ویسٹ انڈیز کی وکٹیں گرتی رہیں۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد عامر نے 3، حسین طلعت اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ محمد نواز اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔