شاہ محمود قریشی کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

0

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایران کے صدرحسن روحانی سے ملاقات میں
  امریکہ کے ساتھ کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ایران میں ہیں جبکہ ان کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی سعودی عرب اور ایران کے دورے پر ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جہاں دونوں رہنماؤں نے حالیہ کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر ایرانی قیادت کے مشکور ہیں۔

اے پی پی کے مطابق قبل ازیں تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر ایران کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سید رسول موسوی اور پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور سید فواد شیر اور سفارت خانے کے دیگر عہدیداروں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دورہ ایران کے دوران اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے بھی ملاقات کریں گے اور ان سے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیرخارجہ نے گزشتہ روز مشہد پہنچے تھے جہاں گورنر مشہد علی رضا رزم حسینی نے ان کا استقبال کیا بعد میں شاہ محمود قریشی نے امام رضا کے مزار پرحاضری دی اور اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس مقدس مقام سے اپنے دورے کا آغاز کرنا باعث اعزاز ہے۔

شاہ محمود قریشی آج ہی 13 جنوری کو تہران سے ریاض جائیں گے جہاں وہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن آل سعود سے ملاقات کریں گے۔

سعودی ہم منصب سے ملاقات میں وزیر خارجہ امریکا-ایران کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ایران روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ حالیہ پیش آنے والے واقعاتِ کے تناظر میں، خطے کے امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے ، کشیدگی میں کمی لانے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے فوری اور اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ اوردوسرے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں پاکستان کے نقطہء نظر  سے آگاہ کروں گا ۔

شاہ محمود قریشی کاکہنا تھاکہ تناؤ کی اس کیفیت کو اعتدال پر لانے اور کشیدگی میں کمی لانے کیلئے سفارتی ذرائع سے مسائل کاحل تلاش کرنے کی  کوششوں کی حمایت کی جائے۔

ایران اور سعودی عرب کے اس دور ے میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں.

Leave A Reply

Your email address will not be published.