ایران کاامریکہ سے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان

0

فوٹو : فائل

تہران(ویب ڈیسک)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

ایران کی القدس فورس کے کمانڈر جنرل سلیمانی کوامریکا نے عراقی دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ پر راکٹ حملہ کر کے  قتل کر دیا تھا۔

قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر آیت اللہ خامنہ ای نے ایران میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی حملے پر سوشل میڈیا پر ردعمل میں کہا کہ جنرل سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے عالمی دہشتگردی کی۔

جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مزید کہا کہ جنرل سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے انتہائی خطرناک اور بے وقوفانہ اقدام اٹھایا۔

جواد ظریف نے کہا کہ اپنی سرکش مہم جوئی کے نتائج کی ذمہ داری امریکا خود اٹھائے گا۔ جنرل سلیمانی کی فورس داعش، القاعدہ اور النصرہ کے خلاف لڑائی میں سب سے مؤثر طاقت تھی۔

گزشتہ چند روز سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں
میں اس وقت اضافہ ہوا جب چند روز قبل امریکا نے عراق میں فضائی حملہ کر کے مقامی ملیشیا کتائب حزب اللہ کے 15 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا تھا۔

جس کے ردعمل میں سیکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے بغداد میں امریکی سفارت خانے پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی تھی اور سفارت خانے کے بیرونی حصے کو آگ لگا دی تھی۔

امریکا نے سفارت خانے پر حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا تھا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران کو امریکی سفارت خانے پر حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.