پی ایس ایل 5 پاکستان میں کرانے کا وعدہ پورا کر دیا، چیئرمین پی سی بی
فوٹو : پی ایس ایل ٹوئٹر
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل2020 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے،افتتاحی میچ 20فروری کو کراچی جبکہ فائنل 22مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
کوالیفائر صرف ایک ہے جو کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنیٹرز اور فائنل کی میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے حصے میں آئے گی۔
پاکستان سپر لیگ سیزن کے 5ویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور یہ 22 مارچ تک جاری رہے گا جبکہ اس کے تمام 34 میچز پاکستان کے 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
پی ایس یال کے 34 میچوں میں سے لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 14، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم 9، راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 8 اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم 3 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز اپنے 5 میچز لاہور، 3 ملتان جبکہ ایک، ایک راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔
دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے 4 میچز کراچی، 3 لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی جبکہ پشاور زلمی اس ایڈیشن میں اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 کراچی جبکہ ایک، ایک میچ لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔
پی ایس ایل 2020 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 لاہور اور 2 کراچی میں کھیلے گی جبکہ کراچی کنگز اپنے ہوم گراؤنڈ کراچی میں 5 جبکہ 2، دو میچز لاہور اور راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی۔
لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے 8 میچز ہوم گراؤنڈ یعنی قذافی اسٹیڈیم جبکہ ایک، ایک میچ کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کے بعد پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی لیگ ہے اور اس کے تمام میچز ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلے جانے چاہئیں، گزشتہ ایڈیشن کے اختتام پر ہم نے پاکستانی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل 2020 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور آج وہ وعدہ وفا ہورہا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل کو مکمل طور پر پاکستان لانے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی بھرپور مدد کرنے پر مقامی انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیز کا بھی شکریہ ادا کیا۔