بزرگ حریت رہنما علی گیلانی کی کشمیریوں سے بھارت مخالف بھرپور مزاحمت کی اپیل
فوٹو : فائل
سری نگر (ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر سےبزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کشمیریوں سے بھارت کے مذموم عزائم کے خلاف بھرپور مزاحمت شروع کرنے کی اپیل کر دی ہے ۔
سید علی گیلانی نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ بھارت جموں و کشمیر میں غاصب اور جابر کی حیثیت رکھتا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادیں بھارت کی غاصبانہ اقدامات کا واضح ثبوت ہیں جن پر عمل کی بجائے بھارت نے خلاف ورزی کا راستہ چنا ہے ۔
سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت وادی میں مزید زمین قبضے میں لیکر غیر کشمیریوں اور بھارتی فوجیوں کو بسائے گا اور نام نہاد تعمیر و ترقی کے نام پر مزید زمین بھارتی اداروں کو دی جائے گی۔
بزرگ حریت رہنما کا کہنا ہے کہ اگر خدانخواستہ بھارت قابض ہو گیا تو کشمیریوں کو ان کے قدرتی وسائل سے محروم کیا جائے گا۔
انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ بھارتی مذموم منصوبے کے خلاف بھر پور مزاحمت کریں کیونکہ کشمیریوں کی آج کی مزاحمت کل ان کے لیے آزادی کی صبح بن کر طلوع ہو گی۔
یاد رہے بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کر کے جموں و کشمیر اور لداح کو دو حصوں میں تقسیم کر کے بھارتی یونین میں شامل کر لیا تھا تب سے تاحال وہاں کرفیو نافذ ہے.