لندن میں شریف فیملی کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
فوٹو: انٹرنیٹ
لندن (ویب ڈیسک) لندن میں شریف فیملی کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا گیاہے اور اس دوران مظاہرین نے گیٹ توڑنے کی کوشش کی تاہم اس دوران موقع پر موجود پولیس نے مظاہرین کو پیچھے ہٹادیا۔
سیکڑوں مظاہرین لندن میں شریف فیملی کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور نواز شریف اور شریف فیملی کے مخالف نعرہ بازی کرتے رہے اس دوران بعض مظاہرین نے اندر جانے کی بھی کوشش کی۔
بتایا جاتاہے کہ لندن میں نواز شریف کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج کرنے والوں میں پی ٹی آئی کے حامی بھی تھے،۔ کارکنوں نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے باہر مظاہرہ کیا۔ نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔
کارکنوں نے مین گیٹ توڑ کر اندر جانے کی کوشش بھی کی، مگر برطانوی پولیس نے لوگوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ کارکنوں نے ہاتھوں میں عمران خان کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔
جب پولیس نے مظاہرین کو گیٹ سے پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی تو اس دوران مظاہرین میں سے یہ آواز بھی آرہی تھی کہ احتجاج پرامن رکھو ہم نے پھر بھی احتجاج کرنے آنا ہے۔
یاد رہے ان دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کی غرض سے ان ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں قیام پذیر ہیں اور مسلم لیگ ن کے متعدد سینئر رہنما بھی لندن ہی میں موجود ہیں۔