حکومت انڈمنٹی بانڈ کی آڑ میں تاوان لینا چاہتی ہے، شہباز شریف
فوٹو : فائل
اسلام آباد (ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف سے انڈمنٹی بانڈ کی آڑ میں تاوان لینا چاہتی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نواز شریف کی صحت سے متعلق سنگ دلی کا مظاہرہ کیا، عمران نیازی کو بہت بڑی بھول ہے، نا این آر او دے سکتے ہیں اور نا این آر او لے سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دو عدالتوں نے نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے لیکن اس کے باوجود حکومت نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہی ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت شیورٹی بانڈ کی آڑ میں نواز شریف سے تاوان لینا چاہتی ہے لیکن مسلم لیگ نے حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے، شیورٹی بانڈ کی شرط ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہے۔
انھوں نے کہا نواز شریف صبر، جرات و بہادری سے اس صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں اور پوری قوم ان کی صحت کے حوالے سے پریشان ہے لیکن حکومت سیاست کے لیے پریشان ہے۔
حکومت اس شخص سے شیورٹی بانڈ مانگ رہی ہے جس نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا، احتساب عدالت نے 6 جولائی کو سزا سنائی اور 13 جولائی کو نواز شریف اپنی بیٹی کے ہمراہ لندن سے پاکستان پہنچ گئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے نامور وکلاء اور قانون دانوں نے بھی حکومتی فیصلے کو غلط قرار دیا، انہوں نے یاد دلایا کہ جب عمران خان زخمی ہوئے تھے تو نواز شریف خود ان کی عیادت کے لیے گئے تھے.
حکومتی ڈاکٹرز نے کہا کہ نواز شریف کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ہے لیکن اس کے باوجود انسانی مسئلے کو سیاسی رنگ دیا گیا۔یہ باتیں کی جا رہی ہیں کہ نواز شریف کو گھر میں کیوں رکھا گیا ہے، نواز شریف کے علاج کے لیے گھر میں آئی سی یو بنایا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی اور ان کی جماعت نے عوام کے دل و دماغ میں زہر گھول دیا ہے، خدانخواستہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو قوم اسے برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری کا نام کس نے آدھے گھنٹے میں ای سی ایل سے نکالا اور وہ بیرون ملک چلے گئے، کیا کسی نے ان سے شیورٹی بانڈ مانگا تھا؟ لیکن نواز شریف سے مانگ لیا ہے.