سید علی گیلانی کا وزیر اعظم کےنام خط، پاکستان اہم فیصلے کرے، کشمیری رہنما
فوٹو : فائل
سرینگر(ویب ڈیسک) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے۔
بزرگ رہنما سید علی گیلانی کے خط میں کہا گیا ہےکہ ہوسکتا ہے یہ آپ کے ساتھ میرا آخری رابطہ ہو، علالت اور زائد عمری شاید دوبارہ آپ کو خط لکھنے کی اجازت نہ دے۔
حریت رہنما نے لکھا ہےکہ موجودہ صورتحال میں آپ سے رابطہ قومی اور ذاتی ذمہ داری ہے، بھارت کی جانب سے متنازع علاقےکی حیثیت کو تبدیل کرنے پر آپ کی اقوام متحدہ میں تقریر قابل تعریف ہے، کشمیری اپنی جدوجہد سے دست بردار نہیں ہوئے.
انھوں نے کہا بھارت کی جانب سے غیرقانونی فیصلوں کے بعد یہاں کی عوام مسلسل کرفیو جھیل رہی ہے، عوام کو نوٹسز بھیجے جارہے ہیں کہ ان کو ان کے گھروں سے بے دخل کیا جائے گا۔
سید علی گیلانی مزید لکھتے ہیں کہ کشمیری خواتین کو ہراساں کرنے کا عمل جاری ہے، بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، بھارت نے غیر قانونی اقدامات کرکے اپنی طرف سے پاکستان سے ہوئے معاہدوں کو ختم کیا ہے.
بھارت کشمیر کی سیاسی حیثیت ختم کرکے ہماری زمین زبردستی چھیننا چاہتا ہے، پاکستان کی طرف سے کچھ مضبوط اور اہم فیصلوں کی ضرورت ہے۔
سید علی گیلانی کا خط میں کہنا تھاکہ کشمیریوں کی جدوجہد اور پاکستان کی بقا کے لیے یہ اہم موڑ ہے، پاکستان کو کل جماعتی پارلیمانی میٹنگ طلب کرنی چاہیے، حکومتی سطح پر کچھ کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔
بزرگ حریت رہنما کےخط میں مطالبہ کیا گیاہےکہ پاکستان بھارت کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو ختم کرنے کا اعلان کرے، پاکستان دوطرفہ معاہدوں شملہ، تاشقند اور لاہور معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کرے.
انھوں نے کہا ایل او سی پرمعاہدے کے تحت باڑ لگانے کے معاہدے کو بھی ازسرنو دیکھنے کی ضرورت ہے، حکومت پاکستان ان سارے فیصلوں کو لے کر اقوام متحدہ بھی جائے۔