مصباح الحق کو تجربہ کوبغیر 3سال کاکنٹریکٹ دیاگیا، عامر سہیل
فوٹو:فائل
اسلام آباد(سپورٹ ڈیسک)سابق کرکٹر عامر سہیل نے کہا ہے مصباح الحق کوچنگ کی ’الف‘ نہیں آتی لیکن چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے انہیں کوچنگ کا تجربہ نہ ہونے کے باوجود تین سال کا کنڑیکٹ تھما دیا ہے۔
عامر سہیل کا کہنا ہے کہ جس کوچ نے سری لنکا کے خلاف ٹیم کو نہیں کھلایا، اس سے آپ آسٹریلیا میں کیا توقعات رکھ سکتے ہیں، وہ نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں اظہار خیال کررہے تھے۔
بانو ے کے ورلڈ کے سکواڈ میں شامل اوپنر نے کہا مصباح الحق نے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنتے ہی سب سے پہلے فٹنس کا نعرہ لگا دیا۔
انھوں نے کہاذرا کوئی اْن سے پوچھے سری لنکا سیریز سے پہلے انہوں نے لڑکوں کو بھگا بھگا کر نڈھال کردیا تھا، کوئی اْن سے سوال کر سکتا ہے کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا؟
عامر سہیل نے کہا کہ کیا مصباح نے لڑکوں کو اولمپکس میں دوڑانا ہے، کوچنگ میں آپ کو تکنیک پر کام کرنا ہوتا ہے، جو آپ سے ہو نہیں رہا، وہ اس لیئے کہ مصباح الحق کوچنگ کے بارے میں جانتے ہی کیا ہیں۔
1992ء سے 2000ئتک پاکستان کے لیے 47 ٹیسٹ، 156ون ڈے کھیلنے والے عامر سہیل کا موقف ہے کہ بورڈ میں کیا اچھا اور درست ہورہا ہے کہ ہم تعریف کریں؟
عامر سہیل نے کہا چیف ایگزیکٹو وسیم خان پر کیا تنقید کروں، اسے یہاں کی کرکٹ کے حوالے سے کچھ پتہ ہی نہیں ،دراصل یہاں سب کو اپنا مفاد عزیز ہے، اسی لیے بورڈ کی کوئی سمت ہی نہیں ہے۔
عامر سہیل کا کہنا تھا کہ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی وسیم خان کے آنے کے بعد بورڈ میں جگہ نہیں بنتی، ان سب باتوں کے بعد بھلا میں کیسے ایسے بورڈ میں کام کرسکتا ہوں، جہاں میرٹ پر نا تو کام ہورہا ہے نا لوگوں کو رکھنے اور نکالنے کا کوئی پیمانہ ہے۔
انھوں نے کہا ڈائریکٹر بین الاقوامی کرکٹ ذاکر خان کی اب بورڈ میں چوہدراہٹ ہے، کیوں کہ پورا پاکستان جانتا ہے کہ ان کے پیچھے کون ہے؟