دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، 5 نئے چہرے شامل
لاہور(ویب ڈیسک) دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیاگیا ۔
چیف سلیکٹر مصباح الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس میں دونوں ٹیموں کا اعلان کیا، ان کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا میں ہے، کوشش کریں گے اس ٹور سے فائدہ اٹھائیں، دونوں ٹیموں میں نوجوان کھلاڑی شامل کیے ہیں، آسٹریلیا کے دورے کے لیے سرپرائز پیکج رکھا ہے۔
دورہ آسٹریلیا / قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی اسکواڈز
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 21, 2019
آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا https://t.co/ORkTjkoLTx
مصباح الحق نے کہا ہماری خواہش ہے ٹیم آسٹریلیا جا کر جارحانہ کرکٹ کھیلے اور ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے آسٹریلیا میں جا کر پرفارم کریں جب کہ کپتانی پر چیئرمین، ایم ڈی اور میرے درمیان بہت بات چیت ہوئی، کپتانی کا حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی نے کرنا ہوتا ہے۔
مصباح الحق نے کہا چیئرمین پی سی بی نے جو فیصلہ کیا وہ سرفراز احمد کی کارکردگی اور ان پر دباؤ کے باعث کیا تاہم سرفراز کی پاکستان کے لیے خدمات ہیں اور وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں، جیسے ہی فارم بحال ہوگی تو ان کے لیے واپسی کے دروازے کھلے ہیں۔
چیف سلیکٹر نے دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیموں کا اعلان کیا اور بتایا کہ ٹیم میں 5 نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کی قیادت بابراعظم کریں گے اور دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخرزمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، موسی خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے اور دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان (سینئر)، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
پاکستان ٹی ٹونٹی اسکواڈ 26 اکتوبر کو سڈنی روانہ ہوگا جب کہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں شرکت کے بعد آسٹریلیا جائیں گے اورقومی ٹی ٹونٹی ٹیم سیریز سے قبل ایک وارم اپ میچ کھیلے گی،ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم 2 وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے۔