تمام سیاسی چوہدری مر جائیں تو بھی اقتدار فضل الرحمن کو نہیں ملے گا، شیخ رشید
لاہور(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر باور کرایا ہے کہ اگر ملک کے سارے سیاسی چوہدری مرجائیں تو بھی اقتدار فضل الرحمان کو نہیں ملے گا۔
شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کہا کہ وقت بہت نازک صورتحال ہے، ملک میں سیاست زور و شور پر ہے، کشمیر کا محاذ گرم ہے لیکن ملک میں دھرنا دھرنا ہورہا ہے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں، قومی سلامتی کے اداروں نے پاکستان سے وفاداری کا حلف اٹھایا ہواہے، نیشنل ایکشن پلان ان ایکشن ہے، اس بار جمہوریت کو شب خون لگا تو فیصلے جلد ہوں گے اور 400 سے 600 لوگ اندر ہوں گے۔
وزیر ریلوے نے کہاجے یو آئی نے ابھی تک دھرنے کی کوئی بات نہیں کی، اس کا مطلب دھرنا ابھی گرے لسٹ میں ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو فیس سیونگ دی جاسکتی ہے۔ ممکن ہے دھرنا نہ ہو،زیادہ پردے کھولنے پر مولانا مجھ سے خفا ہوجائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا ڈنڈا برداروں کو دکھا رہے ہیں جیسے دہشت گرد تیار ہو رہے ہیں، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے سے مسائل حل ہونے کا سوچنے والے عقل کے اندھے ہیں مذاکرات کے دروازے بند کرنا جمہوریت کیخلاف ہے،۔
انھوں نے کہامولانا فضل الرحمان جن کے اشاروں پر کھیلنے جارہے ہیں ان کی سیاست تباہ ہو جائے گی، سارے چوہدری مر جائیں تب بھی مولانا کو اقتدار نہیں ملے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دینی مدرسے ہماری آنکھ کے ستارے اور جھومر ہیں، مدرسے دین کے مینار ہیں اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں، مولانا فضل الرحمان گولڈن ٹیمپل تو گئے لیکن کبھی قائد اعظم کے مزار پر حاضری نہیں دی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری نے اس ملک کو نوچا ہے، پاکستان معاشی گاڑی پر چل چکا ہے، آئندہ 3 سال میں حالات بہتر ہوجائیں۔
شیخ رشید احمد نے کہاسیاست میں کوئی چیز آخری نہیں ہوتی، آج کے دوست کل کے دشمن اور کل کے دشمن آج کے دوست ہیں، یہی پاکستان کی سیاست کا حسن ہے۔