سرفراز احمد اپنی کارکردگی پر سوالات اٹھنے پرکپتانی سے دستبردار
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) بیٹنگ اور کیپنگ فارم میں مسلسل جدوجہد کرتے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد
نے دلبرداشتہ ہو کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سندھ کی کپتانی چھوڑ دی.
اتوار کو اچانک ہونے والی پیش رفت میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناکامی پر فیصل آباد میں پریس کانفرنس میں سخت سوالات پر مناسب جوابات بھی نہ دے سکے، صحافیوں نے ٹیم کے ساتھ ساتھ خود سرفراز کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے تھے.
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سندھ کی کپتانی سے انکار کردیا جس کے بعد کپتانی کی ذمہ داری اسد شفیق کے سپرد کر دی گئی.
ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک روز قبل فیصل آباد میں فوٹو سیشن ہوا تھا۔اس میں بھی سرفراز احمد موجود تھے تاہم کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ اپنی کارکردگی پر توجہ دینے کےلئے کیا گیا ہے.
عینی شاہدین کے مطابق صحافیوں نے سرفراز احمد کو شکست کا ذمے دار قرار دیا۔جس کے بعد سرفراز احمد نے ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ میں ٹورنامنٹ میں کپتانی نہیں کرنا چاہتا اور عام کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلوں گا۔