سری لنکا کی بی ٹیم نے عالمی نمبر ون پاکستان کو ہرا دیا، سرفراز کی بیٹنگ پھر فیل
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)سری لنکا کی بی ٹیم نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں رینکنگ میں نمبر ون پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے دی۔
پہلا ٹی ٹوئنٹی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 166 رنز کا ہدف دیا،پاکستان کی پوری ٹیم 101 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افتخار احمد 25 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو طویل عرصے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ فہیم اشرف کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی تاہم عمر اکمل اور احمد شہزاد ایک بار پھر ناکام رہے۔
سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ اوپنر دنوشکا گوناتھلاکا 57 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 3 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
محمد حسنین نے 16 ویں اوور کی آخری گیند پر بھانوکا راجاپاکسا کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد 19 ویں اوور کی پہلی دو گیندوں پر ڈاسن شناکا اور شیہان جے سوریا کو پویلین کو راہ دکھائی اور ہیٹرک مکمل کی.
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور احمد شہزاد نے کیا تاہم 13 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے عمر اکمل پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 22 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد بھی صرف 4 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔
کپتان سرفراز احمد ایک بار اوپر کھیلنے اور30بالز پر 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد آصف علی 6، عماد وسیم 7 اور فہیم اشرف 8 رنز بناکر چلتے بنے۔
اس سے قبل تین ون ڈے میچز کی سیریز کراچی میں کھیلی گئی جو پاکستان نے 0-2 سے اپنے نام کی جبکہ پہلا ون ڈے بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔
شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد نے کہا میں نے پہلے کہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کوئی بھی ٹیم جیت سکتی ہے، اپنی سست رفتار بیٹنگ کی بجائے اوپنگ اچھی نہ ہونے کو شکست کی وجہ بتایا.