اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری، پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پرقومی اسمبلی میں احتجاج

0

اسلام آباد (زمینی حقائق) قومی اسمبلی کے اجلاس میں  اپوزیشن اراکین نے ایک بار پھر اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری اور پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا.

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری اور پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کرنے پر اپوزیشن اراکین نے سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اراکین کو بتایا کہ چئیرمین نیب نے مطلع کیا ہے کہ خورشید شاہ کو بدعنوانی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

اپوزیشن اراکین نے اسمبلی کے اندر اور باہر خوب احتجاج کیا اور اسپیکر قومی اسمبلی کے استعفے کا مطالبہ کیا، جب کہ بات کرنے کی اجازت نہ دینے پر اپوزیشن اراکین اسپیکر ڈائس کے پاس پہنچ گئے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا حق نمائندگی سے محروم رکھا گیا ہے، اگر پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہوئے تو پھر عدالت جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قانون سازی آرڈیننس کے ذریعے کی جارہی ہے جب کہ آرڈیننس پر کبھی بحث نہیں ہوئی، صدر بھی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرکے چلے گئے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آج علامتی احتجاج ہے پھر یہ کوئی اورصورت بھی اختیار کرسکتا ہے کیونکہ مہنگائی کا ایک طوفان ہے جس سے معاشی حالات دن بدن بڑھتے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس بھی پڑا ہوا ہے، ایف بی آر بھی ٹیکس کا ٹارگٹ پورا نہیں کرسکا اور جو کچھ میڈیا کے ساتھ ہورہا اس کے حالات بتانے کی ضرورت نہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی بدترین مثال ہے، اراکین کو ایک ایک کرکے جیلوں میں بند کیا جارہا ہے ایسا تو شاید سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بھی نہیں تھا۔

پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے سے متعلق نوید قمر نے کہا کہ اتنے لوگوں کو گرفتار کرکے اسمبلی میں نہ لانا سمجھ سے باہر ہے، خورشید شاہ، نواز شریف اور آصف زرداری کو قید کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا حالانکہ کسٹوڈین آف ہاؤس کی ذمہ داری ہے کہ اراکین کے حقوق کا خیال رکھیں۔

پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ ہم عوام کے ووٹ لے کر آئے ہیں، اسپیکر اسمبلی کو پی ٹی آئی کی طرح چلانا چاہتے ہیں ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

نوید قمر نے کہا حکمران طاقت کے نشے میں دھت ہیں، مہنگائی کا طوفان برپا ہوچکا ہے، لوگوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں، جب عوام اٹھیں گے تو آپ کو پتہ بھی نہیں چلے گا۔

ایوان میں اپوزیشن اراکین کے احتجاج پر مراد سعید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے کالی پٹی باندھی توسمجھا یہ کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں لیکن یہ تو اپنا رونا رو رہے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ نیب کا ادارہ آزاد ہے، آپ نے ہی اس کے چیئرمین کا انتخاب کیا تھا باہر ابھی جو تقریریں ہوئیں ملکی مفاد میں نہیں،کسی کو سنانے کے لیے تھیں۔

مراد سعید نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کا اجلاس آ رہا ہے، ہمیں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، امید نظر آ رہی ہے کہ کشمیر پر پاکستان کا بیانیہ دنیا میں پہنچ رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.