وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرسعودی عرب روانہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پرسعودی عرب چلے گئے وہ سعودی قیادت سے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے پہلے ہو رہا ہے ۔
وزیراعظم سعودی قیادت سے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے، وزیراعظم مسئلہ کشمیر پرسعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے مسلسل رابطے میں بھی ہیں۔
وزیراعظم کے دورے میں پاک سعودی اقتصادی تعلقات مزید مضبوط کرنے پر بات ہوگی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ رہی ہے.
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو بھی سعودی عرب میں موجود ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ ہے۔
سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں اس دورے کی بہت اہمیت ہے کیونکہ پاکستان دونوں ممالک میں کشیدگی کےخاتمہ کا حامی ہے جب کہ امریکا موقع سے فائدہ اٹھا کر ایران کے خلاف سخت کارروائی چاہتا ہے.