ایشز ٹرافی، آسٹریلیا نے چوتھا ٹیسٹ 185 رنز سے جیت لیا
مانچسٹر(سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا نے ایشز ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 185 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے.
انگلش ٹیم383 رنز ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 197 رنز پر آؤٹ ہوگئی، میزبان سائیڈ نے آخری روز 83 اوورز تک بھرپور مزاحمت کی، جوئے ڈینلی 53 اور جوز بٹلر 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے.
پیٹ کمنز نے 4 اہم ترین وکٹیں لیں، جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون نے بھی 2، 2 شکار کھیلے۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آخری روز 185 رنز سے شکست دے دی، سیریز میں 2-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہونے کی وجہ سے کینگروز کا ایشز ٹرافی پر قبضہ بھی پکا ہوگیا ہے۔
اگلے میچ میں میزبان ٹیم فتح حاصل کرکے بھی ٹرافی نہیں جیت پائے گی۔ آسٹریلیا کی کامیابی میں ایک بار پھر اسٹیون اسمتھ نے اہم کردار ادا کیا جنھوں نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری جبکہ دوسری باری میں 82 رنز اسکور کیے۔
قبل ازیں 383 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی انگلش ٹیم کا آغاز ہی انتہائی مایوس کن انداز میں ہوا جب اس کی 2 وکٹیں صفر پرہی گرگئی تھیں تاہم جوئے ڈینلی اور جیسن روئے نے چوتھے دن کے اختتام تک مزید کسی نقصان سے انگلینڈ کو بچالیا تھا.
آخری روز کا آغاز انگلش ٹیم نے 18 رنز 2 وکٹ سے کیا تاہم جب مجموعہ 66 ہوا تو اوور نائٹ جوڑی ٹوٹ گئی۔
اس بار بھی پیٹ کمنز نے ہی اپنی ٹیم کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کیا، ان کی فل لینتھ بال جیسن روئے کے بیٹ اورپیڈ کے درمیان سے ہوتی ہوئی اسٹمپس میں جاگھسی، روئے نے 67 بالز پر 31 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے بھی شامل تھے۔
ہیڈنگلے ٹیسٹ کے ہیرو بین اسٹوکس توقعات کا بوجھ اپنے کندھے پر اٹھائے میدان میں اترے مگر صرف ایک ہی رن بنانے کے بعد انھیں پویلین واپس لوٹنا پڑا،کمنز کی ہی گیند ان کے بیٹ کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر ٹم پین کے گلوز میں چلی گئی.
93 کے مجموعے پر پانچویں وکٹ گری جب دوسرے اوور نائٹ بیٹسمین جوئے ڈینلی ناتھن لیون کی گیند شارٹ لیگ پر موجود مارنس لبوشنگی کے ہاتھوں میں تھما بیٹھے۔
انھوں نے 123 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔ جونی بیئر اسٹو اور جوز بٹلر نے کھل کر کھیلنے کے بجائے وقت گزارنا شروع کیا، دونوں آرام سے کھیلتے ہوئے ٹوٹل کو 138 تک لے گئے تاہم مچل اسٹارک نے اس جوڑی کو توڑ دیا.
جونی بیئر اسٹو کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا، انھوں نے ریویو لے کر خود کو بچانا چاہا مگر ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوسکی، اس طرح وہ 25 کے انفرادی اسکور کے ساتھ میدان سے باہر چلے گئے۔
اب بٹلر نے کریگ اوورٹن کے ساتھ مل کر انہونی کو ہونی میں بدلنے کی کوشش شروع کی تاہم جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر وہ بولڈ ہوگئے۔
انھوں نے 111 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے، اگلے اوور میں ناتھن لیون نے جوفرا آرچر کو ایک رن پر ایل بی ڈبلیو کردیا، اوورٹن نے نئے آنے والے بیٹسمین جیک لیچ کے ساتھ مزاحمت جاری رکھی.
تقریباً 14 اوورز تک دونوں نے مل کر کینگرو بولرز کی فرسٹریشن میں اضافہ کیا، آخر کار 196 کے مجموعے پر لبوشنگی نے لیچ کو میتھیو ویڈ کا کیچ بنوا کر مزاحمت کچل دی، انھوں نے 51 بالز پر 12 رنز بنائے.
ایک اوور بعد ہیزل ووڈ نے اووٹن کی بھی اننگز کا 21 رنز پر اختتام کردیا تاہم انھوں نے ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل 105 بالز کا سامنا کیا۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی دوسری اننگز 197 رنز پر تمام ہوگئی۔