سپین میں عالمی ریکارڈ کے لیے 1300سے زائد خواتین نے عروسی لباس پہنا
اسلام آباد (ویب ڈیسک)سپین میں 1300 سے زائد خواتین نے سفید عروسی لباس پہننے کا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔
اس ایونٹ میں اسپین بھر سے 19 سے لے کر 92 سال تک کی خواتین نے حصہ لیا۔اور عالمی ریکارڈ کے لیے سب نے سفید رنگ کا روایتی شادی کا جوڑا پہنا۔
اسپین میں شادی کے جوڑوں کے کاروبار سے منسلک خاتون سڈیکا نویاس نے ایک نئے اسٹور کے افتتاح کے موقع پر عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا پروگرام منعقد کیاتھا۔
انتظامیہ کے مطابق جس مقام پر یہ عالمی ریکارڈ قائم کیا جانا تھا وہاں داخل ہونے کے لیے قطار اتنی لمبی تھی کہ کچھ خواتین ریکارڈ میں حصہ لیے بغیر ہی گھر روانہ ہو گیئں۔
عالمی ریکارڈ میں حصہ لینے والی خواتین میں شادی شدہ، غیر شادی شدہ اور طلاق یافتہ خواتین شامل تھیں جنہوں نے سر سے پاوں تک ہر چیز سفید رنگ کی زیب تن کر رکھی تھی۔
92 سالہ تریسا بیرنا جو کہ اس ریکارڈ کی سب سے عمر رسیدہ خاتون تھیں کا کہنا تھا کہ زندگی میں پہلی مرتبہ سفید رنگ کا روایتی شادی کا جوڑا پہننے کا موقع ملا ہے۔
پہلی مرتبہ اس لیے کہ جس وقت میری شادی ہوئی تھی تو میں اتنا مہنگا جوڑا نہیں خرید سکتی تھی اور اپنی شادی پر میں نے کالے رنگ کا جوڑا پہنا تھا۔
فوٹو: بشکریہ گینیز ورلڈ ریکارڈ
عالمی ریکارڈ میں حصہ لینے والی ہر خاتون کو ’حاضری فلیئر‘ دیا گیا جو انہیں ہمیشہ یاد رہے گا کہ اس عالمی ریکاڈ کو بنانے کے لیے انہوں نے بھی اپنا حصہ ڈالا تھا۔