ورلڈ کپ کیلئے15رکنی ٹیم کا اعلان، وہا ب ریاض اور محمد عامر شامل

0

لاہور(زمینی حقائق)ورلڈ کپ 2019کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کردیاگیا ، محمد عامر اور وہاب ریاض ٹیم میں شامل ہوگئے

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ 2019 کے لیے سرفراز احمد کی قیادت میں 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا۔

انضمام الحق نے پریس کانفرنس کے دوران ورلڈکپ 2019 کے لیے 15 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جس میں وہاب ریاض اور محمد عامر کی واپسی ہوئی ہے۔

انضمام الحق نے کہا ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جنید خان کی جگہ محمد عامر، فہیم اشرف کی جگہ وہاب ریاض اور یاسر شاہ کی جگہ شاداب خان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ عابد علی کی جگہ آصف علی کو موقع دیا گیا ہے۔

ورلڈکپ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر، وہاب ریاض، محمد حسنین اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

انضمام الحق نے کہا کہ محمد عامر کا نام پہلے اعلان کردہ ٹیم میں نہیں تھا تاہم وہ سینئر بولر ہیں اور انہیں انگلینڈ میں کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے، ان کا اکانومی ریٹ اچھا ہے۔

چیف سلیکٹر نے وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ وہاب ریاض کو انگلینڈ میں گیند کرنے کا بہت تجربہ ہے، انہیں شامل کر نے کا مقصد یہ ہے کہ وہ ریورس سوئنگ اچھی کرتے ہیں، ہمیں لگا کہ ٹیم کو وہاب ریاض کی ضرورت ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی شکل میں تجربے کا اضافہ ہوگا، عابد علی کو باہر کرنا اتنا آسان نہیں تھا، آصف علی کو پاور ہٹنگ کی وجہ سے عابد علی پر فوقیت دی گئی ہے۔

انھوں نے کہامحمد رضوان، عابد علی اور فہیم اشرف بیک اپ کے طور پر انگلینڈ میں ہی رہیں گے
چیف سلیکٹر نے کہا کہ آصف علی نے انگلینڈ میں اچھی بیٹنگ کی اور انگلینڈ کی پچز اور کنڈیشن جو نظر آرہی اس میں چھٹے یا ساتویں نمبر پر ایسا کھلاڑی ضرور ہونا چاہیے جو رنز کرسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.