کینیڈا میں ترک و عرب وزرائے خارجہ کے غزہ جنگ رکوانے کےلئے مزاکرات

50 / 100

فوٹو: ایس پی اے فائل

اوٹاوا : کینیڈا میں ترک و عرب وزرائے خارجہ کے غزہ جنگ رکوانے کےلئے مزاکرات،مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کینیڈا کے دورے پر پہنچے ہوئے ہیں جہاں وفد نے کینیڈا کے دارالحکومت میں غزہ کی پٹی میں سلامتی اور استحکام پر بات چیت کی۔

عرب نیوز نے سعودی وزارت خارجہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ کینیڈین وزیر خارجہ میلانیا جولی کے ساتھ باضابطہ بات چیت سے قبل وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں وفد کا اوٹاوا میں استقبال کیا۔

مذاکرات میں فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی اور ترک ہم منصب ہاقان فیدان نے بھی شرکت کی،وزارت نے بیان میں کہا کہ حکام نے غزہ میں ہونے والی پیش رفت اور اس کے اثرات کے ساتھ ساتھ فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزرائے خارجہ کے وفد نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری کو فوری طور پر ادا کرے، اور مزید کہا کہ غزہ کے مستقبل اور مسئلہ فلسطین اور اس کے مستقبل کے بارے میں بات چیت ’فوری جنگ بندی اور بلاجواز فوجی کشیدگی کو روکنے کے بعد ہونی چاہیے۔‘

وفد نے غزہ میں فوری طور پر خوراک اور طبی امداد کی ترسیل کے لیے امدادی راہداری کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وفد نے فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سیاسی حالات پیدا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، اور غزہ کے مستقبل پر وسیع تر اسرائیل-فلسطینی تنازع سے الگ بحث کو مسترد کر دیا۔

مزاکرت کے دوران وزراء نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے مطالبے کو روکنے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔

اسرائیلی افواج کی طرف سے شہریوں کے خلاف کیے جانے والے حملوں کے دائرہ کار میں توسیع اور بین الاقوامی قوانین کی بار بار خلاف ورزیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

اس سے قبل مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکی اور فلسطینی اتھارٹی کے حکام پر مشتمل وفد نے جمعے کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی۔

Comments are closed.