جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نئے نگران وزیراعلیٰ خیبر پی مقرر کر دیئےگئے

50 / 100

فوٹو: فائل

پشاور: جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نئے نگران وزیراعلیٰ خیبر پی مقرر کر دیئےگئے ہیں ان کے تقرر کی منظوری گورنر خیبرپختونخوا نے دی جس کے بعد انھیں نیا نگران وزیراعلیٰ بنایا گیاہے۔

اس حوالے سے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے درمیان سی ایم ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ کے لئے نام پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران جسٹس ( ر) ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق کر لیا گیا اور انہیں کے پی کا نگران وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔

گورنر نے نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی سمری پر دستخط کر دیئے،جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا نام منظوری کیلئے گورنر خیبر پختونخوا کو بھیجا گیا تھا، گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کی جانب سے سمری پر دستخط کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نئے نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر ہوگئے ہیں۔

نئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا،وہ نگران کابینہ میں وزیرقانون تھے۔

سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ نئےنگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کی حلف برداری تقریب آج شام 6 بجے ہو گی، گورنر کے پی غلام علی ارشد حسین شاہ سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔

جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، وہ چیف جسٹس سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان رہ چکے ہیں اور خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کا حصہ بھی تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جن کی نماز جنازہ چار سدہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اعظم خان کے انتقال کے بعد ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو خط لکھ کر قانونی رائے پیش کی تھی۔

اس کے بعد گورنر غلام علی نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو خط لکھا نگران وزیراعلیٰ کیلئے سمری موصول ہو چکی، دستخط کر دوں گا۔

پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے نئے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری پر فوری اقدامات کئے، میں نے اختیارات لینے کی کوشش نہیں کی۔

غلام علی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی عدالت جانا چاہتا ہے تو اس میں ہمارا کوئی عمل دخل نہیں، اس سے پہلے ایک بیان میں سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاسی بحران ہے، آج ہی نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا مسئلہ حل کریں گے۔

 

Comments are closed.