بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر پاکستان کپ کا ٹائٹل جیت لیا

62 / 100

ملتان( زمینی حقائق ڈاٹ کام ) بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر پاکستان کپ کا ٹائٹل جیت لیا، کپتان یاسر شاہ چار وکٹیں لے کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بلوچستان نے 172 رنز کا آسان ہدف بتیسویں اوور کی دوسری گیند پر محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،10 اوورز میں 33 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر یاسر شاہ کو پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا۔

بلوچستان کے اوپنر عمران بٹ 28 کے مجموعی اسکور پر خالد عثمان کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹے تو نوجوان بیٹرز عبدالواحد بنگلزئی اور حسیب اللہ نے دوسری وکٹ کے لیے 77 رنز کی ذمہ دارانہ شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔

http://

حسیب اللہ 45 رنزبناکر آؤٹ ہوئے جبکہ نوجوان عبدالواحد بنگلزئی نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو یاسر شاہ کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 46 اوورز میں 171 رنز پر آوٹ ہوگئی، ٹاپ آرڈر بیٹر کامران غلام کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔ خیبرپختونخوا کے 4 کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

یاسر شاہ نے 10 اوورز پر مشتمل اپنے کوٹے میں محض 33 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس دوران انہوں نے 2 میڈین اوورز بھی پھینکے۔ انہوں نے کامران غلام، محمد سرور آفریدی، عادل امین اور محمد عمران سینئر کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عاکف جاوید اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کامران غلام 91 گیندوں پر 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی تین بیٹرز میں ریحان آفریدی ناٹ آؤٹ 27،محمد محسن 21 اور عادل امین 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

http://

ٹورنامنٹ جیتنے پر بلوچستان کوپچاس لاکھ روپے جبکہ رنرزاپ خیبرپختونخوا کو پچیس لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ بلوچستان کے اوپنر حسیب اللہ کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔

بلوچستان کے کپتان یاسر شاہ 24 وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلر۔ انہی کی ٹیم کے اوپنر حسیب اللہ 614 رنز بناکر بہترین بیٹر قرار پائے،خیبرپختونخوا کے محمد حارث کو بہترین وکٹ کیپر قراردیا گیا۔

محمد حارث نے ٹورنامنٹ میں 11 کیچز پکڑنے کے ساتھ ساتھ 239 رنزبھی اسکور کیے، ڈومیسٹک اسٹرکچر کی تشکیل کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بلوچستان نے کسی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتا ہے۔

Comments are closed.