محمد عامر ٹیم میں واپسی کیلئے بیانات دیکر بلیک میل کررہے ہیں، کنیریا

کراچی( سپورٹس ڈیسک)محمد عامر قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کیلئے بیانات دے کر متعلقہ حکام کو بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

یہ الزام سابق لیگ سپنر دانش کنیریا کی طرف سے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر پر لگایاگیا ہے۔

دانش کنیریا نے کہا سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کا خیرمقدم ہونے کے باوجود حالیہ ماضی میں عامر نے جس طرح سے خود کو پیش کیا اس نے کسی کو ذرا بھی متاثر نہیں کیا ہے۔

40 سالہ دانش کنیریا کا کہنا ہے کہ ہر ایک کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ عامر اپنے بیانات سے دوسروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ وہ قومی ٹیم میں واپسی کرسکے۔

انھوں نے کہا کہ محمد عامر کی طرف سے نگلینڈ منتقل ہونے اور شہریت حاصل کرنے اور آئی پی ایل کھیلنے کے بارے میں ان کے بیانات سے کوئی بھی یہ نتیجہ اخذ کرسکتا ہے۔

دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو یہ سمجھنا چاہئے کہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد انہیں قومی ٹیم میں واپس لاکر پاکستان نے ان پر احسان کیا ہے لیکن پچھلے ڈیڑھ سال میں ان کی کارکردگی بالکل صفر رہی۔

محمد عامر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ء میں واقعی عمدہ بولنگ کی تھی لیکن اس کے بعد سے ان کی کارکردگی میں تنزلی آئی ہے۔

دانش کنیریا نے کچھ کھلاڑیوں اور مبصرین کے تحفظات کے باوجود پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی اعادہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ جب عامرکو خراب فارم کے باعث قومی ٹیم سے باہر کردیا گیا تو انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس مینجمنٹ کے ساتھ نہیں کھیلیں گے حالانکہ یہ وہی ہیں جنہوں نے محمد عامر کی حمایت کی تھی۔

جب میں مصباح الحق ، محمد حفیظ جیسے لوگوں کے بارے میں بات کرتا ہوں تو بورڈ نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ محمد عامر کا ساتھ دیں اور انہیں ٹیم میں واپس لائیں۔ کچھ کمنٹیٹرز بھی عامر کی حمایت نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن وہ مجبور تھے کیوں کہ ان کی روزی روٹی اس سے وابستہ تھی ۔

Comments are closed.