ویزے کی مدت ختم ہونے والے زائرین کیلئے رعایت کا اعلان

فوٹو: فائل

ریاض(اے پی پی) سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے کورونا وائرس کے باعث رک جانے والے عمرہ زائرین جن کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی ہے کےلیے رعایت کا اعلان کیا ہے ۔

اس حوالے سے سعودی وزارت نے متعلقہ اداروں کے اشتراک سے جامع منصوبہ مرتب کیا ہے جس کے تحت ایسے عمرہ زائرین جو سفری پابندی کے باعث وقت مقررہ پر اپنے ملک نہ جاسکے ان پر عائد جرمانے معاف کیے جائیں گے۔

ایسے زائرین اپنے عمرہ ویزا کی میعاد کی خلاف ورزی پر جرمانے اور قانونی گرفت سے بچنے کے لیے مہلت کی درخواست دے سکتے ہیں۔

وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزہ کی پابندی نہ کرسکنے والے زائرین 28 مارچ تک وزارت کی ویب سائٹ پر اپنی تفصیلات درج کرائیں۔

متعلقہ ادارے عمرہ زائرین کو ان کے وطن تک سفر کی سہولت فراہم کریں گے۔ ہر زائر کو سسٹم میں درج اس کے ٹیلی فون پر ایس ایم ایس بھیجا جائے گا جس پر اس کی پرواز اور سفر کی تفصیلات درج ہوں گی۔

وزارت حج وعمرہ نے انتباہ کیا ہے کہ اگر عمرہ زائرین نے اس مہلت سے فائدہ نہ اٹھایا تو ایسی صورت میں انھیں قانون کے مطابق انتہائی سزا دی جائے گی۔

Comments are closed.