آسٹریلیا نے پاکستان کے ینگ ٹیلنٹ کی درگت بنا کر میچ اور سیریز جیت لی

پرتھ(ویب ڈیسک) آسٹریلیانے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے ینگ ٹیلنٹ کی خوب درگت بنائی اور 106 رنز کا ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 12 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ ڈیوڈ وارنر 48 اور ایرون فنچ 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے

پاکستان کی طرف سے بیٹسمینوں کے بعد باولرز بھی شدید دباؤ میں حواس باختہ نظر آئے. حسنین اور موسیٰ خان کو سمجھ بھی نہیں آرہی تھی بال کہاں کرنی ہے.

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور کپتان بابراعظم نے کیا۔

صرف 15 رنز پر کپتان بابراعظم 6 رنز بنا کر اسٹارک کی گیند پر آوٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر ون ڈاؤن آنے والے محمد رضوان بھی بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 22 رنز پر گری جب اوپنر امام الحق 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حارث سہیل تھے جنہوں نے صرف 8 رنز بنائے جب کہ 69 کے مجموعی اسکور پر ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ بھی 8 رنز بناکر چلتے بنے۔

قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا سوائے افتخار احمد کے جنہوں نے 45 رنز بنائے، عماد وسیم بھی صرف 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ شاداب خان ایک رن ہی بناسکے، قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 106 رنز ہی بناسکی۔

قومی ٹیم میں آخری ٹی ٹوئنٹی کے لیے 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فخر زمان آصف علی، وہاب ریاض اور محمد عرفان کی جگہ امام الحق، خوشدل شاہ، موسی خان اور محمد حسنین کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، آسٹریلوی ٹیم میں پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا کو ڈراپ کرکے  ایبٹ اور اسٹین لیک کو شامل کیا گیا ۔

Comments are closed.