جعلی بینک اکاوٴنٹس کیس ، آصف زرداری ،فریال تالپور سمیت دیگر کو نوٹس جاری
فائل:فوٹو
کراچی: بینکنگ کورٹ نے جعلی بینک اکاوٴنٹس کیس میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔
کراچی کی بینکنگ کورٹ میں جعلی اکاوٴنٹس کیس کی سماعت ہوئی، عبدالغنی مجید اور دیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور پیش نہ ہوئے۔
وکیل صفائی نے عدالت میں موقف اپنایا کہ سابق صدر اور ان کی بہن کو نوٹس نہیں ملے جس پر عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور و دیگر کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے۔
کراچی بینکنگ کورٹ نے جاری نوٹس میں ان افراد کو 19 فروری کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
گزشتہ برس اگست میں جعلی بینک اکاوٴنٹس کیس اسلام آباد سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جعلی بینک اکاوٴنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر افراد نامزد ہیں جن پر 4 ارب روپے کی منی لانڈرنگ سمیت متعدد الزامات ہیں۔
Comments are closed.