بھارتی لڑکی انجو نے اسلام قبول کر کے دیر بالا کے نوجوان نصراللہ سےنکاح کرلیا

50 / 100

فوٹو: سوشل میڈیا

دیر بالا: بھارتی لڑکی انجو نے اسلام قبول کر کے دیر بالا کے نوجوان نصراللہ سےنکاح کرلیا، انجو کا خیبرپختونخوا کے شہر دیر بالا میں پاکستانی نوجوان نصر اللہ سے نکاح ہوا ہے۔

بھارتی لڑکی انجو اور نصراللہ کے نکاح کی مالاکنڈ ڈویژن کے ڈی آئی جی ناصر محمود ستی نے تصدیق کی اور بتایا کہ بھارتی خاتون نے اسلام قبول کرکےاپنا نام فاطمہ رکھ لیا ہے۔

مالاکنڈ کےڈی آئی جی کے مطابق دونوں کا نکاح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ہوا جس کے بعد بھارتی خاتون کو پولیس کی نگرانی میں عدالت سےگھر منتقل کردیا گیا ہے۔

بھارتی لڑکی نے اپنے بیان میں کہا کہ اپنی مرضی سے دوست نصر اللہ کے پاس آئی ہوں، یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور علاقہ بہت خوبصورت ہے۔

نکاح کے بعد لڑکی نے پہلی بار ویڈیو بیان بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’قانونی طریقے سے پاکستان آئی ہوں، یہاں خود کو محفوظ سمجھتی ہوں، میڈیا والے میرے بچوں اور رشتے داروں کو پریشان نہ کریں.

انھوں نے کہا کہ جو بات کرنی ہے مجھ سے کریں، قانونی طریقے سے پلاننگ کے ساتھ پاکستان آئی ہوں، جیسے پاکستان پہنچی تھی ویسے ہی واپس بھارت 2،3 دن میں جا رہی ہوں‘

بھارتی خاتون انجو نے عدالت میں اپنا بیان حلفی بھی جمع کرادیا ہے جس میں انجو کا کہنا ہے کہ میرا سابق نام انجوتھا اور میرا تعلق عیسائی مذہب سے تھا، میں نے خوشی اور اپنی مرضی سے دین اسلام قبول کیا ہے۔

بیان حلفی میں انجو نے بتایا ہے کہ کسی کی جانب سے زبردستی نہیں،میں نصراللہ کو پسند کرتی ہوں، نصراللہ کے لیے ہی بھارت سے پاکستان آئی ہوں، 10 تولہ سونا حق مہر رکھا گیا ہے، نصراللہ میرا شرعی اور قانونی شوہر ہے۔

دوسری طرف پاکستانی نوجوان نصراللہ نے اپنے اور انجو کے نکاح کی تردید کردی ہے، بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے نصراللہ نے نکاح اور انجو کے مذہب تبدیل کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر عدالت سے رجو کیا تھا۔

انجو اور نصراللہ عدالت میں پاکستانی میڈیا میں انجو اور نصراللہ کی شادی کی خبر کے صرف چند منٹ بعد ہی نصراللہ نے بھارتی نشریاتی ادارے ”انڈیا ٹو ڈے“ سے بات کرتے ہوئے نکاح سے متعلق خبروں کی تردید کی، تاہم انہوں نے انجو کے برقعہ پہننے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

Comments are closed.