سیما حیدر انڈیا پہنچی تو بھارتی لڑکی انجو پاکستانی لڑکے کیلئے دیر بالا پہنچ گئی

50 / 100

فوٹو: فائل

دیر بالا : سیما حیدر انڈیا پہنچی تو بھارتی لڑکی انجو پاکستانی لڑکے کیلئے دیر بالا پہنچ گئی، سیما ہی کی طرح انجو کے حوالے سے سرکاری ادارے تحقیقات کر رہے ہیں.

سیما حیدر کے برعکس بھارتی لڑکی انجو قانونی طور پر ویزا لے کر پاکستان پہنچی ہے۔
پاکستان سے بھارت جانیوالی سیما حیدر رند کی طرح ایک شادی شدہ بھارتی لڑکی دیر بالا کے رہائشی نصراللہ کی محبت میں پاکستان آئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی ایک اور دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی، تاہم اس بار یہ کہانی ایک بھارتی لڑکی اور پاکستانی لڑکے کی ہے، اور جوڑے کو قانونی رکاوٹیں درپیش ہیں۔

بھارتی شہر دہلی کی رہائشی 35 سالہ انجو کی فیس بک پر دیر بالا کے رہائشی 29 سالہ نصراللہ کے ساتھ دوستی ہوئی، جو پیار میں تبدیل ہوگئی اور انجو دہلی سے خیبر پختون خوا کے شہر دیر بالا پہنچ گئی۔

نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق بھارتی لڑکی انجو جمعہ کے دن پاکستان پہنچی تھی۔ دیربالا پولیس نے تصدیق کی ہے کہ انجو دیربالا پہنچ چکی ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے اس سے تفتیش شروع کردی ہے۔

بھارتی لڑکی انجو کا کہنا ہے کہ اس کی نصراللہ سے فیس بک پر 4 سال پہلے دوستی ہوئی تھی، جو اب محبت میں بدل چکی ہے، اور میں اس کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی۔

نصر الله کے گھر والوں نے نجی ٹی وی آج سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انجو بھارت میں شادی شدہ ہے اور وہاں نوکری کرتی ہے، اور وہ پاکستان میں شادی کی غرض سے نہیں بلکہ سیر کے لیے آئی ہے۔

ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ لڑکی انجو قانونی طور پر ویزے کے ذریعے واہگہ بارڈر سے پاکستان داخل ہوئی، اور پھر اسلام آباد پہنچی، جہاں سے اسے نصراللہ نے ساتھ لیا اور دونوں دیر بالا پہنچے۔

Comments are closed.