سویڈش حکومت قرآن کی بے کے مجرموں کو اسلامی ممالک کے عدالتی نظام کے سپرد کرے، ایران
فوٹو: فائل
تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کےذمہ دار جو لوگ ہیں انہیں سخت ترین سزا کا سامنا کرنا چاہیے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے سویڈن میں پیش آئے واقعے سے متعلق بیان میں کہا کہ قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعات پر سویڈن جنگ کی صف میں آگیا ہے، تمام اسلامی اسکالرز متفق ہیں کہ قرآن کی بےحرمتی کرنے والے سخت سزا کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سویڈش حکومت قرآن کی بے کے مجرموں کو اسلامی ممالک کے عدالتی نظام کے سپرد کرے، ایران کے سپریم لیڈر نے کہا ہے قرآن پاک کی بےحرمتی کرنےوالوں کی حمایت کرکےسویڈن مسلم دنیا کے خلاف جنگ میں آگیا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کی بےحرمتی کرنے والوں نےمسلم دنیا میں اپنے لیے نفرت و دشمنی کے جذبات پیدا کرلیےہیں۔
خیال رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں عید الاضحیٰ پر ملعون عراقی شخص سلوان مومیکا نے مسجد کے باہر قرآن پاک نذرآتش کیا تھا۔
واضح رہے گزشتہ دنوں دوبارہ اسی ملعون شخص نے پھر پولیس کی سخت سکیورٹی میں عراقی سفارت خانے کے باہر ناصرف قرآن پاک کی بے حرمتی کی بلکہ عراقی پرچم کو بھی پاؤں تلے روندا تھا۔
قرآن پاک کی بار بار بے حرمتی کرنے والے ملعون شہری کا نام سلوان مومیکا ہے جس کا آبائی تعلق عراق کے صوبے موصل کے ضلع الحمدانیہ سے ہے، سلوان مومیکا سویڈن میں پناہ حاصل کرنے سے پہلے عراقی شہر نینوا میں ملیشیا کی سربراہی بھی کر چکا ہے۔
ملزم دھوکا دہی سمیت کئی کیسز میں عراق کو مطلوب سلوان مومیکا کئی سال قبل سویڈن فرار ہو گیا تھا اور سلوان مومیکا کی حوالگی کے لیے عراقی حکومت کی جانب سے باقاعدہ طور پر سویڈش حکومت سے درخواست بھی کی گئی ہے.
تاکہ اس کے خلاف عراقی پینل کوڈ کے تحت مقدمہ چلایا جا سکے تاہم تاحال سویڈش حکومت کی جانب سے سلوان کو عراقی حکومت کے حوالے نہیں کیا گیا۔
Comments are closed.