ملک دشمن عناصر، ان کے حامی، جعلی، بے بنیاد خبروں، پروپیگنڈہ سے انتشار کی کوشش کررہے ہیں، آرمی چیف

50 / 100

فوٹو: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے ملک دشمن عناصر، ان کے حامی، جعلی، بے بنیاد خبروں، پروپیگنڈہ سے انتشار کی کوشش کررہے ہیں، آرمی چیف کا کہنا ہے پراپیگنڈا کے ذریعے معاشرتی تفرقہ اور انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، کانفرنس کے شرکا نے کہا افواجِ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

راولپنڈی میں آرمی چیف کی صدارت میں فارمیشن کمانڈرز کی کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز شریک تھے، فارمیشن کمانڈ کانفرنس کے شرکاء نے سانحہ 9 مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کی.

فورم نے شہداء کی عظیم قربانیوں، جن میں مسلح اَفواج، قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے افسران وجوانوں اور سِول سُوسائٹی کے شہداء شامل ہیں، کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف نے شرکا سے خطاب میں کہا قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز پر پرُ تشدد حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے.

جنرل عاصم منیر نے کہا "مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت ہے” ۔ عاصم منیرنے کہا قوم کے بھرپور تعاون سے تمام تر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا.

آرمی چیف نے کہا رِیاست پاکستان اور مسلح اَفواج، شہداء پاکستان اور اِن کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہے گی.

پاکستان کی عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، انھوں نے کہا 25مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اور عوام میں گہر ے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں.

جنرل عاصم منیر نے کہا بگاڑ پیدا کرنے کی اورٖفرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام تر کوششیں بے سودہیں، کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کونہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے۔

شرکا نے کہا اب وقت آ گیامنصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کیخلاف قانونی گرفت مضبوط کی جائے، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس شرکا نے عزم کیا کہ شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ،جو کے آئینِ پاکستان کے تحت ہیں، کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردارتک پہنچایاجائے۔

مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،کانفرنس کے شرکانے کہا افواجِ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

Comments are closed.