سابق وزیراعظم عمران خان کو نیب کی طرف سے تفتیش کیلئے سنگین نتائج کا سمن جاری

50 / 100

فوٹو : فائل

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو نیب کی طرف سے تفتیش کیلئے سنگین نتائج کا سمن جاری کر دیا گیا، کل نیب راولپنڈی پیش ہونے کا کہا گیا ہے.

نیب نے کی طرف سےالقادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں جاری سمن میں کہا گیا ہے کہ اگر عمران خان نیب تفتیش میں شامل نہ ہوئے تو سنگین نتائج ہوں گے۔

قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم عمران خان سے 19 کروڑ پاؤنڈ کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق 20 سوالوں کے جواب طلب کیے ہیں۔

نیب کے مطابق عمران خان نے برطانیہ سے 19 کروڑ پاؤنڈ لا کر واپس ملزمان کو دیے اور مالی فائدے لیے، ریاست پاکستان کے 19 کروڑ پاؤنڈ ملزمان کو واپس کر کے عمران خان نے 458 کنال زمین اور 28 کروڑ روپے حاصل کیے.

ملزمان کو 19 کروڑ پاؤنڈ واپس کر کے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ٹرسٹ نے عطیات کی مد میں بھاری رقوم لیں۔

نیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کل صبح 10 بجے نیب کی کمبائند انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہوں، عمران خان 2 مارچ کے کال اپ نوٹس میں نہ پیش ہوئے نہ ہی کوئی جواب دیا.

عمران خان جان بوجھ کر نیب انکوائری سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، نیب نے عمران خان سے برطانوی کرائم ایجنسی کے ساتھ خط و کتابت سمیت 19 کروڑ پاؤنڈ کے فریزنگ آرڈرز کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے.

القادر یونیورسٹی سے ملنے والے تمام عطیات کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا جبکہ القادر ٹرسٹ کو عطیات دینے والوں کے ریکارڈ سمیت دیگر متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کیے گئے ہیں.

Comments are closed.